لاہور(نوائے وقت رپورٹ، اپنے نامہ نگار سے) لاہور کیا سپیشل سنٹرل عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت فوری طور پر منسوخ کرنے سے متعلق ایف آئی اے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 اپریل کو جواب طلب کرلیا۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں، شہباز شریف عبوری ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں،عدالت ضمانت میں توسیع کا حکم واپس لے۔ عدالت نے ایف آئی اے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ اگر عبوری ضمانت میں توسیع غلط ہے تو ایف آئی اے ہائیکورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔ احتساب عدالت نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف، سابق سیکرٹری عمل درآمد وزیر اعلیٰ پنجاب فواد حسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر 13 ملزمان کیخلاف آشیانہ ہاوسنگ سکیم ریفرنس میں شہباز شریف کی ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 13 اپریل تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے مزید تین گواہان کے بیانات پر جرح مکمل کرنے کے بعد آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لئے طلب کرلیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد ساجد اعوان نے کیس کی سماعت کی۔
منی لانڈرنگ، شہبازشریف کی ضمانت منسوخ کرنے سے متعلق ایف آئی اے کی استدعا مسترد
Apr 03, 2022