پی ٹی آئی کی ریلیاں ، مظاہرے ، نعرے بازی ، مخالفین کے پتلے نذر آتش 

گوجرانوالہ/ حافظ آباد/ کراچی/ پشاور (علاقائی نمائندوں سے+ اے پی پی) چنیوٹ میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے حق میں ریلی، منحرف ارکان اور اپوزیشن کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ کپتان کے کھلاڑیوں نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے لوٹوں اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تصویر کو آگ بھی لگائی جبکہ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر منحرف ارکان کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں خواتین نے بھی شرکت کی جبکہ اس موقع پر صدر ذوالفقار شاہ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نذیر عاطف، میڈم اقصٰی حیات لالی و دیگر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ضمیر فروشوں کو ملک پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ ن ڈسٹرکٹ چنیوٹ کے رہنما چوہدری محبوب عالم بھولا و دیگر نے کہا احتجاج این آر او لینے کی مذموم کوشش ہے قیادت کا دفاع کرنا جانتے ہیں، قیادت کے حکم پر جب احتجاج کریں گے تو لگ پتہ جائے گا۔ میانوالی سے نامہ نگارکے مطابق وزیراعظم عمران خان کے آبائی ضلع میانوالی کے واں بھچراں محلہ ہاشم شاہ سمیت پانچ مختلف مقامات پر وزیراعظم کے حق میں اور غیر ملکی سازش کے خلاف ریلی نکالی گئی اور امریکی صدر کے پتلے جلائے گئے۔ ڈسکہ سے نامہ نگار، نمائندہ خصوصی کے مطابق عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل ڈسکہ شہر کی گلی محلوں میں عمران خان زندہ باد کی وال چاکنگ کردی گئی ہے۔ گڑھ مہاراجہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ٹائیگر فورس تحصیل احمد پور سیال نے امریکہ کیخلاف اور عمران خان کے حق میں گڑھ موڑ شہر میں ریلی نکالی۔ تحصیل صدر رانا وقار اصغر نے کہا کہ ہم امریکہ کی غلامی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق  پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان سے اظہار یکجہتی اور امریکی مداخلت کے خلاف موٹر سائیکلوں پر احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی میں ضلعی صدر ارقم خاں ، سٹی صدر خالد عزیز لون ، جنرل سیکرٹری طارق گجر ،سابق صدر چیمبر عمر اشرف مغل، سینئر رہنما چوہدری صدیق مہر ، ایس اے حمید ، مصطفی خالدلون ، عمر صدیق مہر ودیگر بھی موجود تھے ریلی میں پہلوانوں نے  گرز اٹھا کر شرکت کی ۔ کھلاڑیوں نے اندرون شہر فلائی اوور سے لوٹے لٹکا کر منحرف ارکان کے خلاف بھی نعرے بازی کی۔ حافظ آباد سے نمائندہ خصوصی،نامہ نگار کے مطابق پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے امریکہ کے خلاف اور عمران خان کے حق میں مظاہرہ کیا۔ جس کی قیادت پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما سکندر نواز بھٹی، نویداحمد لنگاہ اور رائے حسن علی کھرل نے کی  انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کے خلاف سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ ڈیرہ غازی خان‘ رحیم یار خان‘ راجن پور‘ لیاقت پور میں بھی وزیراعظم کے حق میں تحریک انصاف کے مظاہرے ہوئے نعرے بازی کی گئی۔ کراچی سے اے پی پی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) سندھ کا کاروان وفا وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہا ، شہریوں کی جانب سے بھرپور استقبال کیا گیا۔ کاروانِ وفا قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال عبدالغفار کی قیادت میں ہفتہ کو کراچی کے علاقے کورنگی سے روانہ ہوا، مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا لانڈھی، قائد آباد، ملیر، سہراب گوٹھ پہنچا، حلیم عادل شیخ نے عوامی اجتماعات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام نے  وطن کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کا حصہ بننے والی سیاسی جماعتوں کو مسترد کر دیا ہے۔ وزیراعظم کی کال پر پشاور میں تحریک انصاف کے کارکن ٹرکوں پر نکل آئے کارکنوں نے اسمبلی چوک میں احتجاج کیا ار خیبر روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا کارکن ٹرک پر لیٹ گئے اور امریکہ کے خلاف نعرے لگائے۔

ای پیپر دی نیشن