لاہور (سید عدنان فاروق) پنجاب کی پگ کس کے سر سجے گی ، اس کافیصلہ آج ہو گا، ارکان اسمبلی کی کسے حمایت حاصل ہے اور کس کا دعویٰ غلط آج اس کا نتیجہ سامنے آجائے گا۔ سردار عثمان بزدار کی جانب سے وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہونے کے بعد حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے اپنے اپنے امیدوار کی کامیابی کے دعوئوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ ایوان کے اندر باہر ارکان اسمبلی اپنے اپنے امیدوار کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں، سابق وزیر قانون راجہ بشارت کا دعویٰ ہے کہ ہمارے نمبر پورے ہیں آج سب پارٹی کو ہی ووٹ دیں گے، بلکہ مسلم لیگ ن کے پانچ ارکان بھی ہمیں ووٹ دیں گے۔ تاہم ترین گروپ کے بعد علیم خان کی جانب سے اپوزیشن کی حمایت کے اعلان نے اپوزیشن صفوں میں اطمینان پایا گیا ہے، تاہم حکومتی بنچ بھی اپنی کامیابی کیلئے مطمئن نظر آتے ہیں، ترین گروپ اور علیم خاں کی جانب سے اپوزیشن کی حمایت کے اعلان نے حکومت کو مشکل میں ڈال دیا۔371کے ایوان میں تحریک انصاف کے 183مسلم لیگ ق کے 10راہ حق پارٹی کا ایک رکن ہے جبکہ تحریک انصاف کی ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے ترین گروپ کے تقریباً 14 ارکان نے ن لیگ کی حمایت کردی۔ علیم گروپ کے 9 ارکان بھی ن لیگ کے ہم آواز ہو گئے ہیں ، جبکہ ترین گروپ کے تین ار کان جن میں سید رفاقت علی گیلانی ، عبد الحئی دستی اور امیر محمد خان کا چوہدری شامل ہیں انہوں نے چودھری پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ ن لیگ کے ارکان کی کل تعداد 165ہے، اور ان کے ساتھ پیپلز پارٹی کے 7 ارکان بھی حمزہ شہباز کی حمایت کریں گے۔ راولپنڈی سے تحریک انصاف کے رکن پنجاب راجہ صغیر نے اپوزیشن چیمبر میں حمزہ شہباز سے ملاقات کرکے اپنی حمایت کا اعلان کیا،5 آزاد ارکان میں سے 4 ن لیگ کے ساتھ ہیں، ترین اور علیم گروپ کے 25 ارکان جن کے ساتھ ٹکٹ کا بھی آئندہ وعدہ کیا گیا ہے، ن لیگی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ کے 5 منحرف ارکان میں سے تین پارٹی کو ہی ووٹ دیں گے۔ اس وقت ن کے پاس 194 سے زائد ارکان کی حمایت موجود ہے جبکہ وزیرا علیٰ بننے کیلئے 186 ووٹ درکار ہیں۔ تحریک انصاف کے عبدالحئی دستی معطل ہونے کی وجہ سے ووٹ نہیں ڈال سکتے اورچودھری نثار ووٹنگ میں حصہ نہیں لیں گے، جبکہ راہ حق پارٹی کے واحد رکن معاویہ اعظم کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے انہیں حمایت کی صورت میں وزارت کی پیشکش ہے تاہم کیا کرنا ہے فیصلہ آج کروں گا۔
پگ
پنجاب کے اقتدار کی پگ کس کے سر سجے گی، آج نتیجہ آجائے گا
Apr 03, 2022