لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ جولائی کے آخر اور اگست کے شروع میں پوپ فرانسس، الشیخ الازہر، مفتی اعظم فلسطین اور امام حرم کعبہ ان شاء اللہ پاکستان تشریف لائیں گے۔ رمضان المبارک کے بعد حتمی شیڈول جاری کریں گے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے تمام ممبر ممالک کی قیادت کا اور بالخصوص اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز، ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان، اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کا ان سب حضرات کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور ان شاء اللہ 11 اپریل کو اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے ممبران ممالک کے سفراء کے اعزاز میں ایک افطار کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس میں یہ سارے ممالک کے سفراء شریک ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہیں۔ اعلان ابو ظہبی کی طرح بین المذاہب مکالمہ اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے اہم ثابت ہو گا۔ تمام علماء اور خطباء سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے خطبات جمعہ میں حقوق اللہ اور حقوق العباد، وراثت میں خواتین کا حق، بچیوں کی تعلیم، اسلام کا پیغام محبت اور رواداری اور فیک نیوز پر بات چیت کریں۔
طاہر اشرفی