لاہور (سپیشل رپورٹر) تبدیلی سرکار نے سیاستدانوں کو نوازنے کے لیے محکمہ تعلیم سکولز پنجاب میں ہارڈ شپ کے نام پر ہزاروں تبادلوں کے احکامات جاری کر دئیے ہیںدیگر اساتذہ منہ تکتے رہ گئے ہیں۔ محکمہ نے پہلے وفاقی و صوبائی وزرا، ایم این ایز اور ایم پی ایز کے کہنے پر ہزاروں ٹرانسفر، پوسٹنگ کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ سفارشی آرڈرز سیاسی پریشر کی بنیاد پر کیے گئے جسے محکمہ نے ہارڈ شپ کا نام دیا ہے۔ ہارڈ شپ کی بنیاد پر آرڈرز کرتے وقت عام اساتذہ کو پس پشت ڈال دیا گیا اور انکے لیے ای پورٹل کو 30مارچ شام 4بجے کھولا گیا تاکہ وہ اپنے تبادلے کے لیے درخواست دے سکیں۔ حالانکہ انکے لیے 15روز قبل تبادلے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جسے سیاسی پریشر کی وجہ سے پس پشت ڈال دیا گیا تھا اور گزشتہ 15روز سے اساتذہ ذلیل وخوار ہوتے رہے ہیں۔ محکمہ تعلیم سکولز کی جانب سے ای پورٹل پر اساتذہ کی جانب سے اب تک تقریبا 10ہزار درخواستیں دی جاچکی ہیں ۔ جس سے محکمہ میں جہاں میرٹ پالیسی شدید متاثر ہوئی ہے۔ وہاں ای ٹرانسفر کی اہمیت و افادیت پر بھی سوال اٹھائے جارہے ہیں۔