کراچی (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جمہوری طریقے سے وزیراعظم تبدیل ہورہا ہے، آئین وقانون کے خلاف جائیں گے تو بحران پیدا ہوگا، ملک مزید بحرانوں کا متحمل نہیں ہو سکتا، وہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق تحریک عدم اعتماد کا سامنا کریں، وزیراعظم اپنے لوگوں میں ڈھونڈیں کس نے یہاں تک پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کھیل ختم ہو چکا، جمہوری طریقے سے وزیراعظم تبدیل ہورہے ہیں، آئین وقانون کے خلاف جائیں تو بحران پیدا ہو جاتے ہیں، ملک مزید بحرانوں کا متحمل نہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد صدر کو اجلاس بلانا ہوگا، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، آئین پرعمل کرنے کا حلف اٹھایا ہے، وزیراعظم اپنی اکثریت کھو چکے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا ہے کہ صدر پاکستان بھی اپنا آئینی فرض نہیں نبھا رہے، کل172 سے زائد لوگ تحریک کی حمایت کریں گے، خبردار کرتا ہوں آئین اور ملک سے نہ کھیلیں۔انہوں نے کہا کہ آج ووٹنگ ہونی ہے، وزیراعظم بھی کہہ چکے ہیں، وفاقی وزیر اسٹیبلشمنٹ کومداخلت کی دعوت دے رہے تھے، تحریک عدم اعتماد کا پہلے مقابلہ کریں، ابھی حکومت سوچ رہی ہے اجلاس کو کس طرح ملتوی کیا جائے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ آئین اورملکی سلامتی ہماری ترجیح ہونی چاہیے، آئین کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
عمران خان اکثریت کھوچکے ، آئین اور ملک سے نہ کھیلیں : وزیراعلٰی سندھ
Apr 03, 2022