لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امریکا کے سابق نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کو دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے مدد کی پیشکش کی ہے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سابق امریکی اہلکار نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کردار ادا کرنے کا وعدہ کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں افغانستان کے علاوہ دو طرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔زلمے خلیل زاد قومی سلامتی کے مذاکرات میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، انہوں نے جنرل باجوہ کے ساتھ افغان امن اور مفاہمت پر خصوصی ایلچی کی حیثیت سے کام کیا تھا۔ بعض وجوہات کی بناء دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی نچلی سطح پر پہنچ چکے ہیں کیونکہ وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ ڈونالڈ لو نے امریکا میں پاکستان کے سفیر اسد مجید کو خبردار کیا تھا کہ عمران خان کے عہدے پر برقرار رہنے سے دوطرفہ تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔