الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ  نے ایک کروڑروپے کاراشن تقسیم کردیا 


کراچی (نیوز رپورٹر) الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کے تحت مستحقین اور ضرورت مندوں میں ایک کروڑ 12لاکھ روپے سے زائد کا خشک راشن تقسیم کر دیا گیا۔ہفتے کی صبح میگاراشن سینٹر کا افتتاح الخدمت کراچی کے چیف ایگز یکٹو نوید علی بیگ اور الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کی صدر محترمہ نوید ہ انیس نے کیا۔اس موقع پر ویمن ونگ ٹرسٹ کی روبینہ شکیل ،عائشہ سعد اور الخدمت کے ذمہ داران بھی موجود تھیں ۔ٹرسٹ کے دفتر سے کراچی ، اندرون سندھ اورکوئٹہ بلوچستان کیلئے خشک راشن کے 4 ٹرک روانہ کیے گئے۔خشک راشن میں آٹا ،چینی ،چاول ،خشک دودھ ،چائے کی پتی ،بیسن ،چنے کی دال،چھولے،کھجور،مشروبات اور دیگر اشیا شامل تھیں۔بھیجا گیا سامان اورنگی ،کراچی کی کچی آبادیوں، سندھ اور بلوچستان کے مستحقین اور ضرورت مندوں میں تقسیم کیا جائے گا۔نوید علی بیگ نے میگا راشن سینٹر کا دورہ کیا اور راشن کی پیکنگ کا عمل دیکھا اور الخدمت ٹرسٹ کے کام کو سراہا۔میگا راشن ڈسٹری بیوشن سینٹر کے افتتاح کے بعد گفتگو میں چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ خدمت کے لئے مثالی کام کر رہا ہے ،کمزور طبقے کو سہار ادینے کی جو کاوش انہوں نے کی وہ قابل ستائش ہے ،ایک کروڑ سے زائد کاسامان تقسیم کیا گیا ہے۔اس سامان سے کمزور اور پریشان حال افراد کو رمضان المبارک میں حوصلہ اور بڑا سہارا ملے گا ،معاشرے کے تمام طبقات کو چاہیے کہ ایسے کاموں میں الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کا ساتھ دیں ،تاکہ کمزور طبقے کو سہار ا مل سکے۔الخدمت ٹرسٹ کی چیئر پرسن محترمہ نویدہ انیس نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ معاشرے کے پسے ہو ئے طبقے کیلئے زندگی کے تمام شعبوں میں خدمت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 4 ٹرکوں کے ذریعے روانہ کیا گیا سامان لیاری ،کراچی کی کچی آبادیوں اورنگی ،اندرون سندھ اور کوئٹہ کے مستحقین میں تقسیم کیا جا ئے گا۔

ای پیپر دی نیشن