کراچی(نعیم اختر) مسلم لیگ(ن) کے صوبائی ڈویژنل ضلعی رہنمائوں نے عمران خان کی جانب سے جو پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کھونے کے بعد اب وزیراعظم نہیں رہے ملک گیر سطح پر کارکنوں کو احتجاجی کال دینے کی مذمت کی ہے۔ سید منور رضا نے کہا کہ ملک کو انارکی کی جانب دھکیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ایسی صورتحال کے خطرناک اور بھیانک نتائج نکلیں گے۔ رانا احسان نے کہا کہ عالمی سازش کا خط لہرانے والے کو اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے کوئی رسپانس نہ ملنے پر عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئے ہیں پاکستان کی جمہوری قوتیں اور عسکری قیادت تحریک انصاف کے حواریوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملادینگی۔ خواجہ غلام شعیب نے کہا کہ ملک کی نازک صورتحال کے پیش نظر چیف جسٹس آف پاکستان سپریم کورٹ اور چیف آف آرمی اسٹاف ملک گیر احتجاج کا نوٹس لیکر نااہل کھلاڑیوں کو ملک کی سالمیت سے کھیلنے پر سخت کاروائی کریں۔ تحریک عدم اعتماد میں اپنی شکست دیکھ کر عمران خان پاگل ہوگئے ہیں ملک انارکی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ اسلم خٹک‘ امجد چوہدری‘ اخلاق ہاشمی‘ سردار شہزاد عاصی دلاور خان‘ نعمان ہاشمی‘ شرافت اکاخیل‘ رانا انجم ودیگر نے حکومتی ایما پر ملک گیر احتجاج کی شدید مذمت کی ہے۔