کوٹ ادو(خبرنگار)اقبال پارک کوٹ ادو میں لگنے والے سستا رمضان بازار میں ناقص و غیر معیاری آٹا کی فروخت،ناقص آٹا فروخت کرنیوالے ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق حکومت پنجاب کی طرف سے رمضان المبار ک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے سستی ومعیاری اشیاء ایک ہی چھت کے تلے فراہم کرنے کیلئے سستار مضان بازار کی مد میں اربوں روپوں کے سبسڈی دی گئی تاکہ غریب عوام زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرکے رمضان کے روزے رکھ سکیں لیکن اقبال پارک کوٹ ادو میں لگنے والے سستا رمضان بازارمیں عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ رمضان بازار سے آٹا خریدنے والے محنت کش ویگن اسٹینڈ ہاکر محمد شاہد اور مزدور محمد توقیر نے بتایا کہ سستا رمضان بازار سے انہوں نے 10 کلو آٹے کا تھیلہ خرید کیا تو گھر جا کر شام کو جب گھر والوں نے روٹی پکانے کی کوشش کی تو روٹیاں نہ پک سکیں اور آٹا سفید کی بجائے سیاہ رنگ میں تبدیل ہوگیا لیکن ہم غریب آدمی متبادل آٹا خرید نہ سکتے تھے ہم نے مجبوراً اس کالے آٹے کی روٹی پکا کر بچوں کو کھلائی تو ہمارے بچوں کو دست اور پیٹ کے مختلف امراض لاحق ہو گئے، انہوں نے کہا کہ ہم نے جب سستا رمضان بازار میں آٹے کے ٹھیکیدار کے سیل مین سے شکایت کی تو الٹا اس نے ہمیں ڈرا دھمکا کر واپس بھیج دیا،متاثرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر ڈیرہ غازی خان اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سے فی الفور ناقص آٹا فروخت کرنیوالے ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی عمل میں لا کر معیاری آٹا فروخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ناقص آٹا