ریاض (نوائے وقت رپورٹ) سعودی عرب اور اوپیک اتحادی ممالک نے تیل پیداوار میں کمی کا اعلان کردیا۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق اوپیک اتحادی ممالک 1.15 ملین بیرل کٹوتی کریں گے۔ تیل کی عالمی منڈی میں استحکام کیلئے پیداواری کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سعودی خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ سعودی عدالت نے یکم مئی سے تیل کی پیداوار میں پانچ لاکھ بیرل یومیہ کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ کٹوتی سال کے آخر تک جاری رہے گی۔ اوپیک میں شامل یو اے ای‘ کویت‘ عمان‘ عراق‘ الجیریا نے بھی تیل کی پیداوار میں رضاکارانہ طور پر کمی کا اعلان کیا ہے۔ یہ کمی بھی سال کے آخر تک جاری رہے گی۔ اس کے علاوہ روسی ڈپٹی وزیراعظم نے بھی تیل کی پیداوار میں رواں سال کے آخر تک 5 لاکھ بیرل یومیہ کمی کا اعلان کیا ہے۔