اسلام آ باد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ حکومت رواں سال 10 لاکھ پاکستانیوں کو روزگار کیلئے بیرون ملک بھجوائے گی سعودی حکام ویزے دینے جلد پاکستان آرہے ہیں، جرمنی ، یونان اور رومانیہ سمیت دیگر 50 ممالک کے ساتھ بھی ورک ویزوں کے نئے معاہدے ہو رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی وزارت محنت کے حکام ویزے دینے جلد پاکستان آئیں گے، فنی تربیت کاٹیسٹ پاس کرنے والے پاکستانی سعودی ویزے لے سکیں گے۔ جاپان نے پاکستانی ہنر مندوں اور مزدوروں کیلئے ویزے کھول دیے ہیں جبکہ جنوبی کوریا میں10ہزار پاکستانی ہنرمندوں کی مانگ ہے جو جلد جائیں گے۔ ساجد حسین طوری نے کہا کہ جرمنی اور رومانیہ میں بھی پاکستانیوں کو ورک ویزے مل رہے ہیں، پرتگال اوریونان کیساتھ بھی پروفیشنلزاورلیبرویزوں کے معاہدے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مالٹا کے ویزوں کی فائل وزارت داخلہ میں رک گئی ہے، وزرات داخلہ کو بتادیا کہ مالٹا میں پاکستانی قونصلیٹ ہے نہ سفارتخانہ ، وزرات داخلہ اٹلی میں سفارتخانے کے ذریعے ویزوں کا معاملہ حل کرنا چاہتی ہے۔ وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے 27 ہزار بلاک پاسپورٹ بحال کردیے گئے ہیں جبکہ یورپ میں لاکھوں غیرقانونی پاکستانیوں کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
رواں سال 10 لاکھ پاکستانیوں کو بیرون ملک بھجوائیں گے ،ساجد طوری
Apr 03, 2023