بجلی و ایندھن کی قیمتیں عوام ،ملکی معیشت کیلئے خطرہ بن گئی ہیں:عاطف اکرام

Apr 03, 2023

 اسلام آ باد (آئی این پی ) ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ بجلی و ایندھن کی قیمتیں عوام اورملکی معیشت کیلئے بڑا خطرہ بن گئی ہیںدیگر ممالک سے ایندھن درامد کم کرنے کیلئے گرین انرجی پر توجہ بڑھانے کی ضرورت ہے جس سے بجلی سستی اور زرمبادلہ کی بچت ممکن ہو گی۔ تیل اور گیس کی درامد سے امپورٹ بل میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور ادائیگیوں کا توازن بری طرح بگڑ رہا ہے جسے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔عاطف اکرام شیخ جوپی وی ایم اے کے سابق چیئرمین بھی ہیں نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں تیل اور گیس کی تلاش کے کام کو سرمایہ کاروں کو مراعات دی جائیں اور گرین انرجی کا استعمال بڑھایا جائے۔گرڈ سٹیشن سے ملنے والی بجلی پر انحصار کم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ حکومت کو بھاری نقصان نہ اٹھانا پڑ ے۔ ملک میں بجلی کی طلب بڑھنے سے نقصان اور گردشی قرضہ بھی بڑھ رہا ہے۔ نیوکلیئر پاور پلانٹس کی بجلی کی پیداواری لاگت ایک روپے فی یونٹ ہے اس لئے ملک کے انرجی مکس میں اس کا حصہ فوری طور پر بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس وقت ساری دنیا میں کلین اور گرین انرجی کو بجلی پیدا کرنے کے دیگر تمام زرائع پر ترجیح دی جا رہی ہے مگر پاکستان میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ کئی حکومتوں نے شمسی توانائی کا استعمال بڑھانے کے دعوے تو بہت کئے مگر ساتھ ہی اس پر زبردست محاصل عائد کر دئیے جس سے اس شعبہ کی ترقی کو نقصان پہنچا اور سولر پینل لگوانے کے رجحان میں زبردست کمی آئی ۔

مزیدخبریں