لاہور(کامرس رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین شہزاد علی ملک صنعتکاروں اور تاجروں کے اعزاز میں 5 اپریل کو افطار ڈنر دیں گے۔افطار ڈنر میں 2 سو سے زائد یو بی جی اور رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے قائدین اور چیمبر کے عہدیداران کو مدعو کیا گیا ہے۔ شہزاد علی ملک، جو کہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی چیئرمین اور پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن (پی ایچ ایچ ایس اے) کے چیئرمین بھی ہیں۔ اس موقع پر ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ کے فروغ کیلئے گورنر پنجاب کو بھیجی گئی اپنی سفارشات سے بھی شرکاء کو مختصراً آگاہ کریں گے۔ یو بی جی اور رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی قیادت لاہور چیمبر کے ’’فاؤنڈر گروپ‘‘ کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرے گی اور نئے بننے والے چھوٹے بڑے کاروباری گروپ سے خود کو دور رکھتے ہوئے فائونڈر گروپ کی بے لوث حمایت جاری رکھے گی۔ واضح رہے کہ علی حسام اصغر کو پہلے ہی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے اور اعلیٰ قیادت کو اعتماد میں لیے بغیر گروپ کے اندر نیا گروپ بنانے پر چیئرمین یو بی جی لاہور چیپٹر کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔