لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک دفاع اسلام و پاکستان کے چیئرمین علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے مرکز قرآن و سنہ اسلامک سینٹرمیں ”درس قرآن و حدیث بسلسلہ تعلیم و تزکیہ کورس“ کے حوالے سے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا بحیثیت مسلمان ہمیں نمازوں کی پابندی کو اپنا مسکن بنا نا چاہئے۔معاشرے کی اصلاح کیلئے نماز کی پابندی ازحد ضروری ہے۔ بے نمازی قرآن و حدیث کی روشنی میں دائرہ اسلام سے خارج ہیں۔کلمہ توحید کے اقرار کے بعد سب سے پہلا فریضہ جو انسان پر عائد ہو تا ہے وہ نماز کی فرضیت ہے۔ اسی سے ایک مومن کی تمیز ہوتی ہے۔ علامہ ہشام نے کہاقرآن و حدیث کی روشنی میں نماز کو اپنے وقت مقررہ پر ادا کرنے کی بڑی سخت تلقین کی گئی ہے اور مسلمان کیلئے فرض ہے کہ وہ نماز کو باجما عت مسجد میں ہی ادا کرے۔ بے شک نماز سے انسان کے نفس میں پاکیزگی پیدا ہو تی ہے اس وقت ہما رے لئے ضروری ہے کہ ہم ماہ صیام کے بابرکت مہینے میں نمازوں، کثرت کے ساتھ تو بہ استغفار، ذکر الٰہی سے اپنے سینوں کو منور کریں۔ رمضان المبارک میں نماز، قرآن کریم کی تلاوت، ذکر الٰہی، توبہ استغفار کی بڑی فضیلت و اہمیت ہے۔