لاہور( خصوصی نامہ نگار)صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ قرآن حکیم کو منشورِ حیات کے طور پر سمجھنے اور نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ قرآن مجید حضور نبی اکرم کا سب سے بڑا معجزہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو ہر قسم کے ردّ و بدل اور کمی و بیشی سے محفوظ فرمایا ہے۔ قرآن مجید اپنی شان میں یکتا کتاب ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے اپنا جلال، قوت اور قدرت شامل کر دی ہے۔ قرآن حکیم تمام انسانوں کیلئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایسا دستور حیات ہے جس پر عمل پیرا ہو کر زندگی کے ہر میدان میں سرفرازی اور بلندی حاصل کی جا سکتی ہے۔سیاست، معیشت، معاشرت، اَخلاق سمیت تمام امور کو اللہ کریم کے کلام پاک سے جاننے اور سمجھنے کی ضرورت ہے۔ جن قوموں نے قران میں غور و فکر کیا ہے، انہیں اللہ تعالیٰ نے قرآن کے صدقے عزت اور عروج سے نوازا ہے۔قوم کو اپنی زبوں حالی کے خاتمے کیلئے قرآن اور اس کے علوم سے جڑنا ہوگا۔ تحریک منہاج القرآن، قرآن کے علوم و فنون کے پرچار کی جماعت ہے۔ حضور نبی اکرم کا فرمان ہے قرآن اور میری اَہلِ بیت کو تھامے رکھنا۔ منہاج القرآن اسی پیغام کو عام کرنے کی تحریک ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماموں کانجن میں درسِ عرفان القرآن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
قرآن کو منشورِ حیات کے طور پر سمجھنے ، نافذ کرنے کی ضرورت ہے:حسین محی الدین
Apr 03, 2023