لاہور(سپورٹس رپورٹر)رستم پاکستان فائنل دنگل سات مئی کو پنجاب سٹیڈیم لاہور میں ہوگا جس، واپڈا کے زمان انور جانی گوجرانوالہ اور آرمی کے محمد آصف بہاولپور کا جوڑ پڑیگا۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن اور سپورٹس بورڈ پنجاب اینڈ یوتھ افیئرز کے اشتراک سے ہونے والے پاکستان کے سب سے بڑے کشتی کے فائنل مقابلے پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ زمان انور جانی نے شہزاد پیچار کو سیمی فائنل میں زیر کیا تھا۔ محمد آصف نے طیب رضا کے خلاف کامیابی پائی تھی۔ تیسری پوزیشن کیلئے طیب رضا واپڈا اور آرمی کے شہزاد پیچار مظفر گڑھ کا جوڑ پڑیگا۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ارشد ستارکے مطابق حکومت پنجاب کے تعاون سے ہونیوالے اس دنگل میں مجموعی طور پر سات مئی کو ٹائٹل پنجابیوں فائیٹ سمیت تیس کشتیوں کے چھوٹے بڑے مقابلے ہوں گے۔حکومت پنجاب دیسی کشتی کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ رستم پاکستان دنگل کیلئے مشیر کھیل وزیر اعلیٰ وہاب ریاض، سیکرٹری سپورٹس شاہد زمان، ڈائریکٹر سپورٹس عمیرحسین‘ڈائریکٹر ندیم قیصر کی نگرانی میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ رستم پاکستان فائنل کے فاتحین میں ایک بڑی انعامی رقم مختص کی جارہی ہے۔
رستم پاکستان فائنل دنگل 7 مئی کو پنجاب سٹیڈیم لاہور میں ہوگا
Apr 03, 2023