پاک ایران بارڈر : دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 4 سیکیورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

پاک ایران بارڈر پر بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایرانی سائیڈ سے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 4 سیکیورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کردی گئی جبکہ شہدا کی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نائیک شیر احمد کی نما جنازہ کہراڑ بزدار تونسہ، نائیک محمد اصغر کی نماز جنازہ کوٹ ادو، سپاہی نرسنگ عبدالرشید کی نماز جنازہ صحبت پور اور سپاہی محمد عرفان کی نماز جنازہ ڈیرہ غازی خان میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، سولجرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور شہداء کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ہر قیمت پر دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہیں، یہ قربانیاں دہشت گردوں کے خلاف عزم کو اور مضبوط کرتی ہیں، مستقبل کی نسل کے لئے پرامن پاکستان فراہم کرنے کے لئے یہ عزم جاری رہے گا۔واضح رہے کہ یکم اپریل کو بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے جلگئی سیکٹر میں ایرانی حدود سے دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن