شہبازشریف کا خنجراب پاس دوبارہ کھلنے پر اظہار مسرت

Apr 03, 2023 | 12:09

 وزیراعظم شہباز شریف نے خنجراب پاس دوبارہ کھلنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عظیم آہنی بھائی چین کے ساتھ تجارت کی بحالی خوش آئند ہے، خنجراب پاس کھلنے سے سی پیک کی رفتار بڑھانے کی راہ میں ایک اور رکاوٹ دور ہو گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا امید ہے کہ تجارتی راہداری کھلنے سے پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا، تین سال بعد دونوں ممالک میں تجارتی راہداری کی بحالی بڑی خوشی کا لمحہ ہے، جو سفر نومبر 2019 میں رکا تھا وہ 2023 میں پھر سے بحال ہوگیا ہے، 2018 میں سی پیک جس رفتار پر چھوڑ کر گئے تھے، اسے دوگنا سے زیادہ رفتار سے بڑھانا چاہتا ہوں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سی پیک قائد محمد نوازشریف اور چین کی عظیم قیادت کا خطے اور عوام کے لئے خوش حالی اور ترقی کا تحفہ ہے، ایک فارن فنڈڈ شخص نے سی پیک کو متنازعہ بنانے کا جرم کیا، دونوں ممالک کی عظیم دوستی کی پیٹھ میں خنجر گھونپا، امید ہے کہ دونوں ممالک میں تجارتی سرگرمیوں میں ہر روز اضافہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا چین کی قیادت اور عوام کی پاکستان کے لئے محبت اورتعاون ناقابل فراموش ہے، وزیراعظم نے تجارتی و سفری بحالی پر دونوں ممالک کے حکام اور ٹیم ممبرز کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

مزیدخبریں