سائفر کیس اعظم خان کابیان بادی النظرمیں ضابطہ فوجداری 164پرپورانہیں اتررہا اسلام آباد  ہائیکورٹ 

 اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں  عمران اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اپیلوں پر سماعت کل تک ملتوی کردی ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ میں کیس سے متعلق تقریباً تمام تر خرابیاں واضح کرچکا ہوں، اب 2 گواہوں کے بیانات سے شروع کروں گا۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ دستاویزات سے متعلق اہم چیزیں ہیں، اسے بھی دیکھنا ہوگا، عدالت نے سلمان صفدر کو اعظم خان کے 164 کا بیان پڑھنے کی ہدایت کردی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وکیل سلمان صفدر سے مکالمہ کیا کہ آپ اعظم خان کے مکمل بیان کو نہ پڑھیںاس پر سلمان صفدر نے کہا کہ سائفر کی کہانی عدم اعتماد کے بعد شروع ہوئی، انہوں نے اعظم خان کا بیان پڑھتے ہوئے کہا کہ اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ افسروں سے مشاورت کرکے سائفر کو پبلک کرنے کا کہا۔ یہاں چیف جسٹس نے دریافت کیا کہ کیا اس کا مطلب ہے کہ اعظم خان نے سائفر پڑھا ہوا تھا؟ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب  نے کہا  کہ ان چیزوں سے واضح نہیں ہورہا کہ اعظم خان نے سائفر پڑھا تھا۔ سلمان صفدر نے بیان پڑھتے ہوئے بتایا کہ اعظم خان نے وزیر اعظم سے کہا تھا کہ سائفر ڈی کوڈڈ کاپی ہے، بنی گالا میں وزیراعظم کی زیر صدارت سائفر سے متعلق اجلاس ہوا، چیف جسٹس نے دریافت کیا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ یہ آفیشنل کیبنٹ میٹنگ نہیں تھی؟ وکیل نے بتایا کہ اس حوالے سے ریکارڈ پر کچھ نہیں، سائفر کی ماسٹر کاپی وزارت خارجہ تھی، مگر سائفر کو 27 مارچ کو پبلک کیا گیا، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اجلاس کے بعد سائفر کو وفاقی کابینہ کے سامنے رکھا گیا۔ سلمان صفدر نے کہا کہ سائفر سے متعلق میٹنگز کے مینٹس نیشنل سیکیورٹی ڈویژن نے بنائے تھے، سائفر کاپی آنے پر بتایا گیا کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہوئی، سائفر سے متعلق اس وقت کے وزیر اعظم نے عوامی اجتماع میں بتایا، مجھے نہیں پتہ کہ اس وقت کے وزیراعظم نے جلسہ میں سائفر لہرایا یا سادہ کاغذ؟ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک بیان میں کچھ اور ہے اور دوسرے میں کچھ اور؟ انہوں نے وکیل سے پوچھا کہ کیا آپ نے اعظم خان کو کنفرنٹ کیا تھا کہ اس وقت آپ نے یہ کہا تھا اور اب آپ نے کچھ اور کہا ہے؟ پہلا بیان مختلف ہو اور بعد میں بیان میں تبدیلی آجائیں تو اس پر قانون کیا کہتا ہے؟ وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اعظم خان پر ہم نے نہیں ڈیفنس کونسلز نے جرح کی تھی، اس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اجلاس میں جو ہوا وہ بتایا وہ تو ریکارڈ کا حصہ ہے؟ اس نے کچھ چیزیں کہیں ہوگی جو پراسیکیوشن کے خلاف جارہی ہوں گی، انہوں نے وکیل سلمان صفدر سے مکالمہ کیا کہ آپ نے جو چارٹ بنائے ہیں اس کے روشنی میں ہم چیزوں کو دیکھتے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اعظم خان کا 164 کا بیان بادی النظر میں ضابطہ فوجداری 164 پر پورا نہیں اتر رہا، آپ کہہ رہے کہ اعظم خان کا بیان ہوسٹائل ہوسکتا ہے، مگر بیان مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کیا گیا، اس کیس میں ایف آئی آر درج ہوئی ہے جو کہ گھوسٹ نہیں ہے، آپ نے ہمیں جو دستاویزات دیے ہیں اسی سے آپ نے سارا کیس ہمیں سمجھانا ہے، ایف آئی اے کی ایف آئی آر میں اعظم خان نامزد تو نہیں۔ اس موقع پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ انہوں نے کہا سائفر آیا، پھر ڈیمارش کیا، پھر سائفر کی کاپی گم ہوگئی تو یہ ہوسٹائل کیسے ہوا؟ سلمان صفدر نے بتایا کہ اعظم خان نے یہ نہیں کہا کہ عمران خان نے سائفر کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، اعظم خان نے یہ بھی نہیں کہا کہ عمران خان نے اپنی سیاسی مفاد کے لیے سائفر کا استعمال کیا، اعظم خان نے کہا کہ میرے سامنے عمران خان نے ملٹری  سیکرٹری سے کہا کہ سائفر کی کاپی گم ہوئی، اسے ڈھونڈ لیں۔ وکیل نے مزید کہا کہ کیس کا تفتیشی بتارہا ہے کہ میں سائفر کاپی ڈھونڈنے کبھی بنی گالا نہیں گیا، اس قسم کا کیس ہم نے کبھی پریکٹس نہیں کیا جو اس کیس میں پریکٹس کیا گیا، اس کیس میں اسد عمر کی ضمانت کنفرم ہوئی، جبکہ اعظم خان پہلے لاپتا تھے، اعظم خان لاپتا تھے پھر اچانک مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوئے، کہا جارہا ہے کہ اعظم خان کیس کے گواہ ہیں انہیں کیسے گرفتار کریں؟ اعظم خان کو 17 ماہ تک نوٹسسز جاری ہوتے رہے کہ آئیں اور شامل تفتیش ہوں، 15 اگست کو سائفر کیس میں مقدمہ درج ہوا اور 16 کو 164 کا بیان ریکارڈ کرایا گیا، اگر 15 کو مقدمہ درج ہوا اور اس کا کوئی کردار نہیں تھا تو ملزم کیوں بنایا گیا؟وکیل نے بتایا کہ مجسٹریٹ کا بیان ہے کہ میرے سامنے ایک ملزم کو پیش کیا گیا، کونسا ایسا گواہ ہوتا ہے جس کو پابند کیا جاتا ہے؟عدالت نے دریافت کیا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ بندہ پہلے ملزم تھا اور پھر گواہ بننے پر ملزم نہیں رہا؟ ان دونوں چیزوں کو الگ الگ لے کر بتائیں کہ اس میں فرق کیا ہوگا؟وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ 164 کا بیان دو قسم کا ہوتا ہے یا تو بطور گواہ اور یا بطور ملزم، جب ملزم نے بیان دینا ہو تو پہلے ان کو حلف لینا ہوتا ہے، ہونا یہ چاہیے تھا کہ اعظم خان کے بیان ریکارڈ کرنے پر عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو نوٹسسز کرتے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ آپ کہہ رہے کہ اعظم خان کے 164 کے بیان کو ٹرائل کورٹ نے نہیں دیکھا ؟ وکیل عمران خان نے بتایا کہ اعظم خان نے عدالت میں اپنے ماضی کے بیان کو نہیں مانا۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ٹرائل کورٹ نے اعظم خان کے 164 کے بیان کو نہیں دیکھا؟ وکیل نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے اعظم خان کے بیان کو بالکل بھی نہیں دیکھا، عدالت کو اعظم خان کو ان کے بیان پر کنفرنٹ کرنا چاہیے تھا، ٹرائل کورٹ نے 8 فروری سے پہلے فیصلہ دینا تھا تو بہت چیزوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ پر کہیں ہے کہ اعظم خان کب سے کب تک کہاں تھا؟ وکیل نے جواب دیا کہ نہیں یہ کہیں پر بھی ریکارڈ کا حصہ نہیں تھا،اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اعظم خان کی بازیابی کے لیے یہاں پر رٹ پٹیشن کی درخواست آئی تھی، اعظم خان کی درخواست یہاں آئی تھی اور پھر 20 جولائی 2023 کو واپس لی گئی، چیف جسٹس نے اعظم خان کی بازیابی سے متعلق درخواست اور عدالتی حکم کا حوالہ بھی دیا۔وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ اعظم خان کی واپسی 29 دن بعد ہوئی تھی،کریمنل جسٹس سسٹم میں تو اعظم خان کا اپنے کیس میں بیان ہونا چاہیے تھا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سلمان صفدر سے استفسار کیا کہ اگر اسی گواہ پر آپ جرح کرتے تو کیا کرتے ؟ سلمان صفدر نے بتایا کہ اگر میں جرح کرتا تو گواہ سے 5 سوالات پوچھتا، میں پوچھتا کہ وزیر اعظم آفس میں آپ کا کام کیا ہے، سکیورٹی سمیت دیگر چیزوں کا بھی پوچھتا، یہ پوچھتا کہ کتنے بار آپ شامل تفتیش ہوئے اور کب کیا کیا پوچھا گیا؟ یہ پوچھتا کہ آپ پر کس نے مقدمہ کرایا تھا، آپ کی بازیابی کے لیے کس نے درخواست دائر کی تھی؟سلمان صفدر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ویسے تو ان کے دونوں بیانات سے بہت ساری چیزیں واضح ہیں تو میں جرح ہی کیوں کرتا، سائفر کیس میں پاکستان کے حالات کیسے خراب ہوئے ایف آئی اے کے ٹیکنیکل تجزیہ کار نے ایک رپورٹ بنائی، اس نے سائفر دیکھے بغیر تجزیہ رپورٹ پیش کردی، اس نے ٹیکنیکل رپورٹ میں بتایا کہ ہمارے ساتھ کچھ ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہوئے۔اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ ٹیکنیکل رپورٹ کس نے بنائی اور وہ عدالت پیش ہوا ؟ وکیل نے جواب دیا کہ انیس الرحمن نے یہ رپورٹ بنائی اور وہ عدالت بھی پیش ہوئے تھے، تفتیشی افسر نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مختلف ممالک سے تعلقات خراب ہوئے۔وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ ایک ٹیکنیکل تجزیہ کار کو ایف آئی اے نے بلایا اور اس نے ٹائمز آف انڈیا ،سی این این سے ڈیٹا لے کر رپورٹ تیار کی ، عدالت نے دریافت کیا کہ کن ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے یہ لکھا ہوا تھا؟ وکیل نے جواب دیا کہ کچھ عرب ممالک اور اس سے پہلے امریکا اور بھارت کے ساتھ تعلقات خرابی کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر عدالت نے وکیل سے دریافت کیا کہ آپ کو اب کتنا وقت لگے گا کیونکہ ہم نے فیصلے کی طرف جانا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کل (بدھ) اس کو لازمی مکمل کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن