سیاسی استحکام کیلئے ہاتھ بڑھانے کو تیار ، پی ٹی آئی کردار ادا کرے: مصدق ملک 

Apr 03, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر مصدق ملک  نے کہا  کہ سیاسی استحکام کے لیے  تحریک انصاف کی طرف ہاتھ بڑھانے کو تیار ہیں لیکن کچھ ذمہ داری تو پی ٹی آئی کی بھی ہے۔  انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ بڑے اچھے طریقے سے سیاسی معاملات اور اتحاد آگے بڑھ رہا ہے، اس  کی حمایت غیر مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کے لیے  تحریک انصاف کی طرف ہاتھ بڑھانے کو تیار ہیں لیکن پی ٹی آئی بھی سیاسی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ سیاسی استحکام معاشی استحکام سے جڑا ہے، نوک جھونک چلتی رہے گی ملک کو چلنے دیا جائے۔ مصدق ملک  نے کہا  کہ عالمی منڈی میں جب تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو سب متاثر ہوتے ہیں، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام آئے گا تو معاشی استحکام آئے گا، شہباز شریف پہلے بھی چارٹر آف اکانومی کی پیشکش کر چکے ہیں۔

مزیدخبریں