لاہور کی ترقی کا منصوبہ مکمل کرنے کیلئے مریم نواز نے 3ماہ کی ڈیڈلائن دیدی

Apr 03, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ’’نیا دور‘ صاف ستھرا لاہور‘‘ لاہور کی تعمیر وترقی کے پلان کو وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہنگامی بنیاد پر تکمیل کے لئے تین ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز ہر 10 دن کے بعد لاہور کی تعمیروترقی کے پلان پر عملدرآمد کا خود جائزہ لیں گی۔ وزیر اعلیٰ  نے گلیاں پکی بنانے اور ٹف ٹائل لگانے کے پراجیکٹ کی منظوری دیدی جس میں لاہور کی تمام چھوٹی بڑی روڈز کی تعمیر ومرمت کی جائے گی۔ لاہور کی دو لاکھ 22 ہزار سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور تمام علاقے بتدریج واسا سروسز ایریا میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ نو زون میں ڈرینج اور سیوریج کی بحالی اور تعمیر ومرمت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ  کی زیر صدارت لاہور کی تعمیر وترقی کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں سیور ماسٹر پلان، واٹر ٹینک بنانے کے پراجیکٹ پر غور کیا گیا اور جامع پلان طلب کرلیا۔ واسا کو مشینری اور افرادی قوت کی ضروریات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ  نے لاہور کے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹ فنکشنل کرنے کا حکم دے دیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر گلی محلے کو صاف دیکھنا چاہتی ہوں۔ صفائی کی مہم میں عوام بھی حکومت کا ساتھ دیں۔ دوسری جانب  پنجاب میں بجلی چوری کی روک تھام کے لئے ڈسٹرکٹ لیول ٹاسک فورس قائم کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اصولی منظوری دے دی۔ ٹاسک فورس میں پولیس، مجسٹریٹ، انٹیلی جنس، ریکوری، ڈی آفس، پراسیکیوشن اور محکمہ قانون کے نمائندے شامل ہوں گے۔ جبکہ 600 سے زائد سپیشل پولیس فورسز کی ٹیمیں بھی انسداد بجلی چوری مہم میں شامل ہوں گی۔  اجلاس میں بجلی چوری کے مقدمات میں مضبوط اور موثر پراسیکیویشن کی ہدایت کی گئی، بجلی چوری روکنے اور ریکوری کے لئے قوانین میں ترمیم کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ ادھر مریم نواز شریف سے مختلف اضلاع کے ا رکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو عوامی مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا اور ڈویلپمنٹ کے لئے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے رمضان نگہبان پیکیج کی کامیابی پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو مبارکباد پیش کی۔ ستھرا پنجاب اور دیگر پراجیکٹس کو سراہا جس پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں سب کی وزیر اعلیٰ ہوں، مل کر چلیں گے۔ انہوں نے  بتایا کہ پنجاب بھر میں 600 روڈز کی تعمیر ومرمت، 5ایکسپریس وے اور 3موٹر ویز بنائیں گے۔ صوبہ بھر میں 100فیصد فری ادویات اور ہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔ دیہات اور دور دراز علاقوں میں علاج کیلئے موبائل ہسپتال اورکلینک آن ویل پراجیکٹ جلد شروع ہوگا۔  پنجاب کے تمام اضلاع میں آئندہ 3 ماہ میں 18 شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس شروع ہو گا۔  ایک لاکھ گھر کم آمدن والے افراد کو دیں گے۔ ارکان اسمبلی نے ملاقات میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو یقین دلایا کہ کہ پنجاب میں بہتری لانے کی کوشش میں ہمقدم ہیں۔ مریم نواز نے سینٹ انتخابات میں کامیاب امیدوار وں کو مبارکباد دی ہے۔ اور  نیک خواہشات کا اظہار کیاہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو سپورٹ کرنے پر پارٹی اور اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ وزیر اعلیٰ  نے بہاولنگر میں یونیورسٹی طالبہ کے اغوا اور اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ملزمان کو جلدقانون کی گرفت میں لانے کا حکم دیا اور کہا کہ درندہ صفت افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔  وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ خواتین کے خلاف تشدد میری ریڈ لائن ہے۔

مزیدخبریں