استنبول (نوائے وقت رپورٹ) ترکیہ کے شہر استنبول کے نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 29 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق نائٹ کلب 16 منزلہ رہائشی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر بنایا گیا تھا۔ آگ دن میں مرمتی کام کے دوران لگی جس سے 29 افراد ہلاک ہوئے۔ استنبول میئر آفس نے بتایا کہ واقعہ میں مزید 8 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آگ کے نتیجے میں متاثر ہونے والے تمام افراد کنسٹرکشن ورکرز ہیں۔ حکام کے مطابق آگ بجھا دی گئی ہے۔ واقعہ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ترکیہ کے وزیر انصاف نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ 5 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں، جن میں3 افراد وہ ہیں جو نائٹ کلب کا انتظام سنبھالتے ہیں۔