لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ وکیل وفاقی حکومت نے موقف اپنایا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہے، ادویات کی قیمتیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر بڑھائی گئیں، عدالت عالیہ لاہور میں درخواست قابل سماعت نہیں ہے، وکیل درخواست گزار نے کہا کہ قیمتوں کے علاوہ قومی فہرست کے مطابق ادویات کی فروخت کا معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے۔ نگران حکومت ادویات کی فروخت کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری نہیں کر سکتی۔ درخواست میںموقف اپنایا گیا کہ ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کے لیے نگران حکومت نے قانون کے منافی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے بعد ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو گا۔ عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک نوٹیفکیشن معطل کرنے کا حکم دے۔