اسلام آباد+لاہور (وقائع نگار+خبر نگار+آئی این پی ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں چوہدری پرویز الٰہی کو دوران علاج وفاقی وزیر کے حکم پر پمز ہسپتال سے اڈیالہ جیل شفٹ کرنے کے خلاف رٹ پیٹشن کی سماعت ہوئی۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی، پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی طرف سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ پرویز الٰہی کو اڈیالہ جیل میں گر کر زخمی ہونے کی وجہ سے ڈاکٹرز کی ہدایات پر پمز ہسپتال داخل کیا گیا تھا ڈاکٹرز نے دو ہفتے مکمل بیڈ ریسٹ اور انتہائی نگہداشت میں رکھنے کی ہدایات دی تھیں۔ چوہدری پرویز الٰہی پمز میں زیر علاج تھے، وفاقی وزیر صحت کے ہسپتال دورے کے دوران جب انہیں پرویز الٰہی کی ہسپتال میں موجودگی کا پتہ چلا تو انھوں نے پرویز الٰہی کو فوری طور پر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ آئین کے مطابق علاج معالجہ ملزم کا بنیادی حق ہے، فاضل جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کو علاج معالجے کے لئے اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال منتقل کیا جائے۔ عدالت نے سپرنٹنڈنت اڈیالہ جیل اور پمز انتظامیہ سے دو دن میں رپورٹ طلب کر لی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز وضاحت کریں کہ کیوں انہوں نے دوران علاج پرویز الٰہی کو پمز سے اڈیالہ جیل منتقل کیا۔ رٹ کی آئندہ سماعت 4اپریل کو ہوگی۔ پرویزالہٰی کو ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دینے کا سنگل بنچ کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ پرویزالہی کوضمنی الیکشن کی اجازت دینیکافیصلہ لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا،حلقے کے ووٹرمحمدارشد نے پی پی 32 سے اجازت ملنے کیخلاف اپیل دائرکی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سنگل بینچ نیقانون کیمنافی پرویزالہی کو الیکشن لڑانے کی اجازت دی۔عدالت سے پرویزالہی کو الیکشن لڑنے کی اجازت کو کالعدم قرار دینے کی استدعا ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پرویز الٰہی اور فیملی ممبران کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیلوں پر سماعت 3 اپریل تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عام انتخابات میں اسی ڈیٹا پر کاغذات نامزدگی منظور ہوئے۔ آر او نے ضمنی الیکشن میں کاغذات نامزدگی کیسے مسترد کر دیئے؟۔ الیکشن کمشن پہلے منظور کئے جانے والے کاغذات نامزدگی پیش کرے، الیکشن کمشن کے وکیل اسی نقطے پر تیاری کر کے دلائل دیں۔
پرویز الٰہی کو دوران علاج جیل کیوں منتقل کیا‘ ہسپتال بھجوایا جائے: اسلام آباد ہائیکورٹ
Apr 03, 2024