رفح‘ پیرس‘ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) رفح میں گھر پر اسرائیلی بمباری سے دو بچوں سمیت6 فلسطینی شہید ہو گئے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ کے علاقے دیرالبلاح میں ورلڈ سینٹرل کچن کے عملے کی گاڑی پر بھی اسرائیلی فورسز نے حملہ کیا جس میں 6 غیرملکی امدادی کارکنان اور فلسطینی ڈرائیور مارا گیا۔ خبررساں ادارے کے مطابق غیر سرکاری تنظیم ورلڈ سینٹرل کچن (ڈبلیو سی کے) کے ملازمین اسرائیلی فضائی حملے میں اس وقت جاں بحق ہوئے جب وہ وسطی غزہ کے شہر دیر البلاح میں گاڑی پر گودام میں سامان اتار کر واپس لوٹ رہے تھے۔ تنظیم کے میڈیا آفس نے ایک بیان میں بتایا کہ متاثرین میں 4 غیر ملکی امدادی کارکن اور ایک فلسطینی شامل ہے۔ وہ بندرگاہ کا معائنہ کرنے کے مشن پر تھے۔ ڈبلیو سی غیر منافع بخش غیر سرکاری تنظیم ہے جو قدرتی آفات کے تناظر میں کھانا فراہم کرنے کے لیے وقف ہے۔ ڈبلیو سی کے، کے کارکنان غزہ کے ان رہائشیوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد تقسیم کرنے میں معاونت کرتے ہیں جنہیں خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ ترجمان این جی اوز نے مذمت کی ہے۔ 2 کے پاس امریکہ‘ کینیڈا اور ایک‘ ایک کے پاس آسٹریلیا‘ پولینڈ اور برطانیہ کی شہریت ہے۔ فرانس نے سلامتی کونسل میں قرارداد کا مسودہ پیش کیا ہے جس کا مقصد غزہ میں جنگ بندی کو مانیٹر کرنے کا نظام وضع کرنا اور فلسطینی اتھارٹی کو غزہ میں بھی ذمہ داریاں سنبھالنے کی تجاویز سامنے لانا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے ساتھ نئی حکومت نامزد کیے جانے کے بعد پہلی بار فون پر تبادلہ خیال کیا ہے اورکہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی ابھی مزید اصلاحات کی کوشش کرے تاکہ امریکہ کے بعد از جنگ اور بعد از حماس کے غزہ کے بارے میں ویژن کو آگے بڑھایا جا سکے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے اس فون پر بات چیت کے دوران غزہ میں جنگ بندی کے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے محمود عباس کی نئی مقرر کر دہ حکمت کا خیر مقدم کیا اور محمود عباس کو یقین دلایا کہ امریکہ اس نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے۔ یہ بات فون کال کے بعد امریکی ترجمان میتھیو ملر نے بتائی۔ جوبائیڈن انتظامیہ اسرائیل کو مزید جنگی طیارے اور جدید میزائلوں سمیت دوسرا جنگی اسلحہ فروخت کرنے کی ممکنہ صورتوں کا جائزہ لے رہی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کانگریس کے ایک ذریعے اور اس معاملے سے جڑے ایک دوسرے ذریعے نے کہاہے کہ اس تجویز کی حتمی منظوری ابھی امریکی انتظامیہ کی طرف سے دئیے جانے کا انتظار ہے۔ امریکہ کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ 50 'ایف15 ' جنگی طیاروں کی فراہمی کا ایک معاہدہ متوقع ہے۔ ان 'ایف 15 طیاروں 'کی مالیت 18 ارب ڈالر سے زائد ہو گی۔ علاوہ ازیں دوسرے جنگی ہتھیاروں میں میڈیم رینج کے جدید میزائلوں کی ترسیل کا بھی امکان ہے جو فضا سے فضا میں کارروائی کر سکتے ہوں۔
6 فلسطینی شہید، این جی او کے 6 غیرملکی کارکن جاں بحق: امریکہ اسرائیل کو مزید اسلحہ دیگا
Apr 03, 2024