آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع،بزنس کمیونٹی فائدہ اٹھائے، کوثر تقدیس گیلانی  

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر برائے سمال انڈسٹری کارپوریشن آزاد کشمیر کوثر تقدیس گیلانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں لہذا سرمایہ کار اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے آگے آئیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں چیمبر ہا ئو س کے دورے کے موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر فواد وحید اور دیگر عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت، معدنیات، ٹرانسپورٹ، چھوٹی صنعت اور دستکاری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو ان شعبوں کے فروغ کے لیے آگے آنا چاہیے اور تعاون کرنا چاہیے۔سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں کی ترقی سے علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں بہت مدد ملے گی اور مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لیے آئی سی سی آئی اور آزاد کشمیر حکومت ایک سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد کے لیے تعاون کر سکتے ہیں۔اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آزاد کشمیر کی ہینڈی کرافٹس کی نمائش اور سیاحت اور ہوٹل انڈسٹری کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کی بہت گنجائش ہے جس کے نتیجے میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن