تائیوان میں 7.4 شدت کاہولناک زلزلہ،4افراد ہلاک،50زخمی

Apr 03, 2024 | 13:05

 تائیوان میں4 7. شدت کے ہولناک زلزلے میں درجنوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں ، جبکہ 4 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ،مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا،زلزلے سے مشرقی شہر ہوالین میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی،شدید زلزلے کے بعد جاپان،فلپائن اور تائیوان میں سونامی الرٹ جاری کردیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تائیوان کے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے آیا، زلزے کے بعد تائیوان کے دارالحکومت تائی پے کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ، لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کر دی گئی،ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں جبکہ ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، درجنوں افراد ملبوں میںپھنسے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔تائیوان میں سیمی کنیکٹر بنانے والی فیکٹریوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ مقامی ٹی وی چینلز نے دارالحکومت تائی پی میں منہدم عمارتیں اپنی سکرین پر دکھائیں۔زلزلہ پیما مرکزکے مطابق زلزلے کا مرکز ساحلی علاقے ہوالین کے قریب تھا جبکہ اس کی گہرائی 15.5 کلو میٹر زیرِ زمین ریکارڈ کی گئی،زلزلے کے بعد کم از کم 9آفٹرشاکس بھی محسوس کئے گئے ،زلزلے کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی۔ زلزلے کے بعد چین نے تائیوان کو امداد کی پیشکش کی ہے۔7اعشاریہ 4شدت زلزلے کے بعد تائیوان میں سونامی الرٹ جاری کر دیا گیا۔7اعشاریہ 4شدت کا زلزلہ تائیوان کے مشرقی ساحل کے قریب آیا،زلزلے کے نتیجے میں سمندر میں تین میٹر بلند لہریں پیدا ہوئیں، اسی سبب سے تائیوان اور جاپان کے سیاحتی علاقے اوکی ناوا میں سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی ہے اور رہائشی علاقوں سے لوگوں کو انخلا کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ 25 سال بعد تائیوان میں آنے والا یہ شدید ترین زلزلہ ہے۔ چینی صوبے فوجیان میں بھی محسوس کئے گئے جس کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا،شنگھائی، سوزو، شینزین، گوانگ زو اور شانتو میں بھی محسوس کئے گئے۔جاپان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ،جاپان ایئر لائنز کے مطابق سونامی کی وارننگ والے علاقوں کی جانب سے پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ۔امریکی میڈیا کے مطابق جاپان میں سونامی کی وارننگ کے بعد جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جاپانی جزیرے اوکی ناوا کیق ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بحال ہے۔

مزیدخبریں