میگھن مارکل نے چلڈرن اسپتال کا دورہ کرکے سب کو حیران کردیا

Apr 03, 2024 | 14:47

ویب ڈیسک

برطانوی شہزادے ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل نے چلڈرن اسپتال کا دورہ کرکے سب کو حیران کردیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈچس آف سسیکس نے 21 مارچ کو لاس اینجلس کے چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اور زیر علاج بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور انہیں کہانیاں سنائیں۔

42 سالہ ڈچس آف سسیکس نے یہ دورہ ’میک مارچ میٹر‘ کیمپین کے سلسلے میں کیا اور بچوں کو اپنی پسندیدہ کہانیاں، اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے ساتھ دلچسپ انداز میں سنائیں۔

میک مارچ میٹر سالانہ فنڈ ریزنگ مہم ہے جو لاس اینجلس میں بچوں کے اسپتال اور ان کی بہتر صحت و مستقبل کے لیے معروف شخصیات، کاروباری اداروں اور کمیونیٹی کو متحد کرتی ہے۔

میگھن مارکل نے چلڈرن اسپتال لاس اینجلس (CHLA) کے ’ لٹریلی ہیلنگ‘ نامی پروگرام میں شرکت کی، جو پڑھنے کا ایک جدید و منفرد پروگرام ہے۔ یہ پروگرام ادبی وسائل کے ذریعے زیر علاج بچوں کے علاج میں اضافی مدد فراہم کرکے ان کے اہل خانہ کو حوصلہ دیتا ہے۔

خیال رہے کہ میگھن مارکل کا ادب سے تعلق نیا نہیں بلکہ انہوں نے 2021 میں باپ اور بیٹے کے رشتے کے گرد مرکوز نظموں کی کتاب ’دی بینج‘ تحریر کی تھی جس کے لیے انہوں نے اپنے شوہر شہزادہ ہیری اور بیٹے آرچی کے خوبصورت رشتے سے القا (انسپریشن) لی۔

مزیدخبریں