چیف جسٹس سمیت سپریم کورٹ، لاہور ہائیکورٹ کے ججز کو دھمکی آمیزخطوط موصول

اسلام آباد:  اسلام آباد کے 8 اورلاہور ہائی کورٹ کے چار ججز کو دھمکی آمیز خطوط موصول ہونے کے بعد سپریم کورٹ کے 4 ججز کو بھی مشکوک خطوط موصول ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت  سپریم کورٹ کے تین  ججز کو بھی دھمکی آمیز خط موصول ہوئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس امین الدین کو خط موصول ہوئے، چاروں خط یکم اپریل کو سپریم کورٹ میں موصول ہوئے۔ذرائع کے مطابق چاروں خطوط میں پاؤڈر پایا گیا اور دھمکی آمیز اشکال بنی ہوئی تھیں، خطوط کو سی ٹی ڈی  کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل لاہورہائیکورٹ کے 4ججز کو بھی دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے .  خطوط لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ججز جسٹس شجاعت علی خان،جسٹس عابدعزیز شیخ، جسٹس شاہد بلال، جسٹس عالیہ نیلم کے نام بھجوائے گئے۔دھمکی آمیز خطوط وصولی کی اطلاع کے بعد سی ٹی ڈی اور پولیس افسران لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے اور لاہور ہائیکورٹ کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔پولیس  نے خط لانے والے کوریئر کمپنی کے ملازم کو بھی حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

واضح رہے گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے 8 ججوں کو مشکوک خطوط موصول ہوئے تھے جس کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن