سعودی عرب نے ریکوڈک منصوبے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے سعودی عرب ریکوڈک منصوبے کے 10 فیصد شیئرز خریدے گا.او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور جی ایچ پی ایل کے شیئرزخریدے جائیں گے۔ریکوڈک منصوبے کے شیئرز کی قیمت ایک ارب ڈالر بنتی ہے.وزیراعظم ریکوڈک منصوبہ میں سرمایہ کاری پر کمیٹی بنانے کی منظوری دیں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان اورسعودی عرب کےدرمیان ریکوڈک منصوبے پرجلدمعاہدہ ہونے کا امکان ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بیرک گولڈ کمپنی کے وفد کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک برسٹوو کی سربراہی میں بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والوں اور ریکوڈک سے بندرگاہ تک لاجسٹکس اورآمدورفت کے حوالے سے سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے حوالے سے سرکاری سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی اور جہاں جہاں رکاوٹیں ہیں وہ دور کی جائیں گی ۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں معدنیات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے مواصلات کے انفراسٹرکچر، خصوصا ریلوے لائن کے حوالے سے منصوبہ سازی کی جائے گی ۔