اقوام متحدہ کی فہرست سے خارج ہونے والے دس طالبان ارکان میں سابق سفیر عبدالحکیم مجاہد،محمد اورنگ اور پاکستان میں سابق سفیرعبدالسلام ضعیف شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کی فہرست سے خارج ہونے والے طالبان اور القاعدہ کے ان چوبیس ارکان پر اب مالی اور سفری پابندیاں نہیں ہوں گی۔ پاکستان میں سابق سفیراورگوانتانامو میں قید کاٹنے والے طالبان رہنماء عبدالسلام ضعیف نے پابندیوں کے خاتمے کو درست مگر ناکافی قراردیا۔ کہا جا ر ہا ہے کہ یہ اقدام افغان حکومت کے دباؤ پر اٹھایا گیا ہے جو طالبان کے ساتھ مفاہمت کو فروغ دینا چاہتی ہے۔اقوام متحدہ کی پابندیوں کے بارے میں کمیٹی نے کہا کہ ان چوبیس میں سے دوافراد اب زندہ نہیں رہے۔ کمیٹی نے بتایا کہ طالبان اور القاعدہ کے چار سو تینتیس ارکان اب بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔