صدر آصف علی زرداری اور فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی کے درمیان ملاقات ایل سی پیلس میں ہوئی۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق صدر زرداری نے فرانسیسی صدرسے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کوسیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث شدید صورتحال کا سامنا ہے۔ صوبہ خیبرپختون خوا میں سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع اوراملاک کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ دفاعی تعلقات کے فروغ اور سول جوہری تعاون کا خواہاں ہے۔ صدرنے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے تعاون پر تیار ہے۔ صدرنے فرانسیسی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔ اس موقع پرفرانس کے صدر سرکوزی نے پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرانس پاکستانی اشیاء کی یورپی منڈیوں تک رسائی کیلئے حمایت جاری رکھے گا۔ ملاقات میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری،وزیردفاع چوہدری احمد مختار، سیکرٹری خارجہ سلمان بشیراور شفقت سعید بھی موجود تھے۔