مصر کے دارالحکومت قاہرہ کی پولیس اکیڈمی میں آج سابق صدر حسنی مبارک کے خلاف عدالتی کارروائی شروع ہو رہی ہے۔ سابق صدر پر بدعنوانی اور مظاہرین کو ہلاک کرنے کے احکامات دینے کے الزامات ہیں۔ سابق صدر کے بیٹے عالہ اور گومل، سابق وزیر داخلہ حبیب العدلی اور دیگر سابق اہلکار بھی عدالت میں پیش ہونگے۔ کارروائی کے موقع پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور تین ہزار فوجی اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ مدعا علیہہ کے لیے خصوصی طور پر ایک پنجرہ تیار کیا گیا ہے جب کہ عدالتی کارروائی کو ایک اندازے کے مطابق چھ سو لوگ دیکھ سکیں گے۔ مصر میں اٹھارہ روز تک جاری رہنے والے احتجاج کے بعد صدر حسنی مبارک اقتدار چھوڑ کر شرم الشیخ منتقل ہو گئے تھے۔ ان احتجاجی مظاہروں میں آٹھ سو پچاس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔