آئی ایس پی آر کےمطابق پاک فوج کے بریگیڈئیر علی خان سمیت میجر عنایت عزیز، میجر سہیل اکبر، میجر بلاول اور میجر جواد بصیر کو کالعدم تنظیم کےساتھ روابط کے الزام میں سزائیں سنائی گئی ہیں۔ واضع رہے کہ پاک فوج میں بغاوت پھیلانے اور ملکی اقتدار پر ناجائز طریقے سے قبضے کی کوشش کے الزامات کا سامنا کرنے والے بریگیڈئر علی خان کو گزشتہ برس چھ مئی کو راولپنڈی سے حراست میں لیا گیا تھا۔ فوج کے ایک میجر جنرل کی قیادت میں گزشتہ برس دسمبر میں سیالکوٹ میں شروع ہونے والی کورٹ مارشل کی کارروائی تقریباً چھ ماہ جاری رہنے کے بعد بیس جون کو راولپنڈی میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس دوران پانچ فوجی افسروں نے استغاثہ کے گواہان کےطور پر بریگیڈئر علی کے بارے میں عدالت کو بتایا کہ ملزم نے انہیں فوجی اور سول قیادت کےخلاف بغاوت پر اکسایا تھا۔ آئی ایس پی آر کےمطابق میجر عنایت عزیز، میجرسہیل اکبر، میجر بلاول اور میجر جواد بصیر کے خلاف بھی فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔ کورٹ مارشل کے تحت ان افراد کو بھی سزائیں سنائی گئی ہیں۔