لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایشیاکپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کیلئے لاہور میں جاری قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ ایک روزہ وقفہ کے بعد آج دوبارہ شروع ہو گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے عیدالفطر کیلئے کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ سے 7 سے 11 اگست تک چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام کھلاڑی 7 اگست کی ٹریننگ کے بعد عید منانے کیلئے اپنے گھروں کو روانہ ہو جائیں گے اور واپس 11 اگست کی شام کو ہیڈکوچ اختر رسول کو رپورٹ کر 9ویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان 15 اگست کو کیا جائیگا۔ اس وقت پاکستان ٹیم کے تربیتی کیمپ میں 26 کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس بہتر بنانے کیلئے سابق اولمپئن رانا غضنفر کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ ان کے ساتھ ڈاکٹر اسد عباس بھی کھلاڑیوں کی انجریز کا خاص خیال رکھ رہے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشیاکپ کو مدنظر رکھ کر کیمپ میں کھلاڑیوں کے لئے انگلینڈ سے سپیشل انجری ڈرنک منگوائے ہیں تاکہ قومی کھلاڑیوں کو رمضان المبارک اور حبس کے موسم میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔