بھائی پھےرو (نمائندہ ثنا نیوز) بجلی اور پانی کے بحران پر قابو پانے کے لئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ضروری ہے ۔ بھارت کی آبی دہشت گردی کو نہ روکا گیا تو پاکستان پانی کی بوند بوند کو ترسے گا ۔ڈیزل اور بجلی کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا سیلاب آ جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک استقلا ل کے صدر رحمت خاں وردگ نے نواحی گاﺅں خانکے موڑ میں وردگ پٹرول پمپ پر مینےجر ملک محمد رفیق کی طرف سے دی گئی افطار پارٹی کے شرکاءسے اپنے ٹیلی فونک خطاب میں کیا ۔ افطار پارٹی میں مقامی صحافیوں ، معززین اور سیاسی و مذہبی رہنماﺅں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ رحمت خاں نے کہا کہ بجلی اور پانی کے بحران پر قابو پانے کے لئے کالا باغ ڈیم سمیت دوسرے ڈیموں کی فوری تعمیر کرنی چاہیے اور بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی فورموں پر اُٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کی آ بی دہشت گردی کو نہ روکا گیا تو پاکستان کے لہراتے کھیت صحرا میں تبدیل ہو جائیں گے ۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی طرف سے ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں بار بار اضافے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس سے مہنگائی کا سیلاب آ ئے گا اور عوام کا جینا دشوار ہو جائے گا۔