شمالی وزیرستان+ باجوڑ (ایجنسیاں) شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے آپریشن ضربِ عضب کے دوران تحصیل میر علی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں مزید تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آپریشن کے دوران اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضربِ عضب شروع ہونے سے اب تک 570 سے زائد عسکریت پسندوں کو مارا جا چکا ہے جبکہ دہشت گردوں کے 98 ٹھکانے، 30 آئی ای ڈی فیکٹریز، تین اسلحہ خانے اور خودکش بمباروں کی ٹریننگ دئیے جانے کے متعدد مراکز بھی تباہ کردئیے گئے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اس دوران بھاری تعداد میں اسلحہ، مواصلاتی سامان اور پراپیگنڈہ لٹریچر بھی برآمد کیا گیا جبکہ صرف شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 34 سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ باجوڑ ایجنسی میں دھماکہ خیز مواد سے لیویز کی زیرتعمیر چیک پوسٹ تباہ کر دی گئی۔ مہمند ایجنسی میں دہشت گردوں نے گرلز سکول کودھماکے سے تباہ کردیا۔ ہنگو میں نامعلوم شخص نے مسافر کوچ پر فائرنگ کر دی جس سے ایک شخص جاں بحق ایک زخمی ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ مسافر کوچ دواب سے ہنگو آرہی تھی۔
آپریشن ضربِ عضب