لاہور (سٹاف رپورٹر) یوم آزادی کے موقع پر شدت پسندوں کیجانب سے شہر میں دہشت گردی کے خدشہ کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں رینجرز، ایلیٹ فورس کو حساس مقامات پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے حساس اداروں کی عمارات، سرکاری بلڈنگز، ریلوے سٹیشن، جی پی او، مال روڈ، تفریحی مقامات، ائرپورٹ و دیگر جگہوں پرسکیورٹی سخت کردی جائے گی۔ حساس مقامات پر کلوز سرکٹ کیمرے بھی لگائے جائیں گے۔ قانون فافذ کرنے والے اداروں نے پولیس کو پیشگی اطلاع دی ہے شدت پسندوں نے شہر کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پولیس کو حساس اداروں سے ایسی معلومات حاصل ہوئی ہیں جن کے مطابق لاہور میں دہشت گردی کے لئے خودکش حملہ آور شہر میں داخل ہو چکے ہیں۔ پولیس نے رات گئے سرچ آپریشن کے دوران اٹھارہ سے زائد مشکوک افراد کوحراست میں لیکر انکے کوائف چیک کئے جبکہ متعدد افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا جہاں ان سے تفیش جاری ہے۔ پراپرٹی ڈیلروں سے کرایہ داروںکی فہرستیں بھی حاصل کرنا شروع کر دی ہیں۔ پولیس نے شاہدرہ سرکل، بادامی باغ سرکل، لوئر مال و دیگر جگہوں پر جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کو سرچ آپریشن کے دوران متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس نے رات گئے سرچ آپریشن کے دوران 67 گھروں کی چیکنگ کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے ڈیڑھ کلو ہیروئن برآمد کرکے 6 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تھانہ مصطفی آباد کی کچی آبادی میں 67 گھروں کی چیکنگ کی گئی اور متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
دہشت گردی/ سرچ آپریشن
لاہور میں دہشت گردی کا خدشہ، رات گئے سرچ آپریشن، متعدد گرفتار
Aug 03, 2014