خدارا پاکستان کو بچایئے مظاہروں سے نقصان کا اندیشہ ہو تو نوازشریف وزارت عظمی چھوڑ دیں : الطاف

Aug 03, 2014

لندن (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ کے قائد الطاف حسین نے وزیراعظم سے  اپیل کی ہے کہ خدارا پاکستان کو بچائیے، ایسی باتوں سے گریز کیا جائے جو ملک کیلئے نقصان دہ ہوں، چھوٹے بڑے اختلافات دور کرنے کیلئے نتیجہ خیز بات چیت کے ذرائع استعمال کئے جائیں، ہر قسم کی چھوٹی بڑی محاذ آرائی سے ہر ممکن اجتناب کیا جائے، وزیراعظم آگے بڑھیں اور معاملات کا گہرائی سے مطالعہ کریں، مظاہروں سے نقصان کا اندیشہ ہو تو نوازشریف وزارت عظمیٰ سے علیحدہ ہوجائیں اور اپنی ہی پارٹی میں سے کسی  اور فرد کو وزارت عظمیٰ کی ذمہ داریاں منتقل کردیں۔ عوام، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں اور حکمرانوں سے اپیل ہے کہ ایسا آئینی راستہ اختیار کریں، جہاں سب کا وقار اپنی اپنی جگہ قائم رہے ، ایسا راستہ اختیار کیا جائے کہ کسی کو سبکی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان سے گفتگو میں الطاف حسین نے کہا کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ فوجی جوان ملک کی خاطر جام شہادت نوش کررہے ہیں، موجودہ حالات میں احتجاجی سیاست سے گریز کرنا چاہئے۔ملک میں انتظامی ڈھانچہ بوسیدہ ہو چکا ہے۔ عوام بجلی اور گیس کی عدم دستیابی سے پریشان ہیں۔ چند فریق جمہوریت کے نام نہاد چیمپئن بن کر دوسروں پر طعنہ زن ہیں۔ ایکدوسرے کی جائز شکایات کو غور سے سنا جائے۔ کسی کو منانے کیلئے تھوڑا بہت نقصان بھی برداشت کرلیا جائے۔ ملک کو کسی بھی انتشار سے بچایا جائے۔ وزیراعظم بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام جماعتوں کا اجتماع منعقد کریں۔ سیاسی جماعتوں کی شکایات مرحلہ وار دور کریں۔ جمہوریت کی آڑ میں حکومت کے طرزِعمل کو آمریت سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ ایک طبقہ حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجانے کی دھمکیاں دے رہا ہے، دوسرا فریق حکومت کی چولیں پاش پاش کرنے کی بات کر رہا ہے۔ رسہ کشی کی یہ مڈبھیڑ ہر محب وطن پاکستانی کیلئے لمحۂ فکریہ ہے۔ 14,12 اگست میں ابھی کچھ دن باقی ہیں۔ محاذ آرائی کی بجائے مل بیٹھیں۔
الطاف حسین

مزیدخبریں