گذشتہ روز اشرف مارتھ شہید پولیس لائنز میں پولیس دربار منعقد ہوا۔ جس میں کثیر تعداد میں پولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی ۔ دربار کے اختتام پر بڑے کھانے کا اہتمام تھا۔ پولیس دربار اور بڑے کھانے کی روائت بڑی پرانی ہے ۔ اس موقع پر پولیس افسران و جوانوں کو ایک ساتھ مل بیٹھنے کا موقع ملتا ہے ۔ کھانے پر افسران و جوان گھل مل جاتے ہیں ۔ ریجنل پولیس آفیسر فیصل شاہکار صاحب یہاں پوسٹنگ کے بعد پہلی بار گوجرانوالہ پولیس لائنز تشریف لائے۔
پولیس کے چاک و چوبند دستہ نے انہیں سلامی پیش کی ۔ پولیس دربار کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ سٹی پولیس آفیسر وقاص نذیر نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے پہلوانوں کے شہر کی پولیس کی شاندار کارکردگی بارے بتلایا۔ مہمان خصوصی فیصل شاہکار کے ہاتھوں پولیس افسران و جوانوں کو لاکھوں روپے کے نقد انعام و تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا گوجرانوالہ میں ایس ایس پی تھے ۔ تب انہوں نے پولیس لائنز میں کئی بار پولیس افسران و جوانوں کے دربار سے خطاب کیا اور بڑے کھانے میں شرکت کی۔ آغاز رمضان پر انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے پولیس افسران و جوانوں کے نام پیغام بھجوایا کہ وہ شہریوں کے جان و مال عزت آبرو کی حفاظت کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں تاکہ معاشرہ امن و آشتی کا گہوارہ بن جائے۔ پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح گوجرانوالہ پولیس نے بھی دن رات جرائم کی بیخ کنی کیلئے موثر کردار ادا کیا۔ سٹی پولیس آفیسر وقاص نذیر نے سی آئی اے کو فعال بنانے کی طرف خصوصی توجہ دی ۔ کرائم فائٹر ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ نے کمال کر دکھایا۔دوسرے لفظوں میں سی آئی اے کو چار چاند لگا دیئے۔ رمضان کے مہینے میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کے حکم پر اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی مہم چلائی گئی۔ گوجرانوالہ پولیس نے مہم کے دوران 1400 سے زائد اشتہاری گرفتار کر کے کمال کیا۔ چوروں‘ ڈاکوﺅں‘ رسہ گیروں‘ قبضہ گروپوں کی پکڑ دھکڑ کیلئے عوام کو بھی پولیس کا ساتھ دینا چاہیے۔ منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے بھی شہریوں کو پولیس کا ہاتھ بٹانا چاہیے۔
اگر پولیس اور عوام ایک ساتھ جرائم پیشہ افراد کے قلع قمع کیلئے اٹھ کھڑے ہوں تو وطن عزیز جنت نظیر بن جائے۔ پولیس کو جرائم کی روک تھام کیلئے قدم قدم پر شہریوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ پاک فوج نے جس طرح دہشت گردوں کے ارادے خاک میں ملا دیئے ہیں اس پر جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔ مظفر گڑھ میں درجن سے زائد اشتہاریوں‘ دہشت گردوں کو مقابلہ میں مارا جانا جرائم کے گراف میں کمی کا باعث ہو گا۔ حکومت کی جانب سے قاتلوں کی آئے روز پھانسیاں بھی جرائم کی روک تھام کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس ضمن میں حکومت کے یہ دلیرانہ فیصلے قابل صد ستائش ہیں۔ حکومت ‘فوج اور پولیس نے ایک ساتھ دہشت گردوں کا صفایا کرنے کا عزم کر لیا ہے۔ اس سلسلہ میں عوام کو اردگرد حالات پر کڑی نگاہ رکھنی چاہیے۔ سچ یہ ہے کہ جرائم کی بیخ کنی اور حق کی راہ میں مارے جانے پر شہید ہوتے ہیں جبکہ جرم کی دلدل میں پھنس کر ہلاک ہونیوالوں کا نام و نشان مٹ جاتا ہے ۔
ریجنل پولیس آفیسر فیصل شاہکار ‘سٹی پولیس آفیسر وقاص نذیر ‘چیف ٹریفک آفیسر آصف ظفر چیمہ و دیگر افسران و جوانوں نے اشرف مارتھ شہید پولیس لائنز میں قائم یادگار شہداءپر پھول چڑھائے۔ سلامی پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شہدوں کے لہو کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ شہریوں کو جرائم پیشہ افراد کی دستبرد سے محفوظ بنا کر دم لیں گے۔
پولیس دربار
Aug 03, 2015