لاہور( این این آئی) نامور گائیک راحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ میری شہرت اور مقام استا د نصرت فتح علی خان کی نسبت ہے اور میری بھرپور کوشش ہو گی کہ اپنے کام سے اس نام کو مزید نام روشن کروں،اکثر تقریبات میں لوگ استاد نصرت فتح علی خان کے گائے ہوئے نغمے پیش کرنے کی درخواست کرتے ہیں جسے اپنا سرمایہ سمجھتا ہوں ۔ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے اور میں اس کا جتنا بھی شکر ادا کروں وہ کم ہے کہ مجھے استاد نصرت فتح علی خان کی نسبت عزت دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گائیکی آسان کام نہیں ہے ،ایسا نہیں کہ گلوکار بن گیا اور سیکھنا چھوڑ دیا بلکہ آج بھی ریاضت کے ساتھ سیکھنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے باہر جہاں بھی جاتا ہوں اپنے ملک کا سفیر ہوتا ہوں اور مجھے معلوم ہے اپنے ملک کی عزت میں کس طرح اضافہ کرنا ہے ۔