لاہور (نیوز رپورٹر+ خبرنگار+ سٹاف رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر+ کامرس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں انسداد ڈینگی ڈے منایا گیا اور سرکاری دفاتر اور ہسپتالوں میں صفائی کا خصوصی انتظام کیا گیا۔ اس موقع پر لاہور، ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں مختلف محکوں کے دفاتر کھلے رہے اور سٹاف ممبران نے اپنے اپنے دفاتر کی صفائی میں حصہ لیا۔ صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں بھی انسداد ڈینگی ڈے منایا گیا جس کا مقصد صفائی کو یقینی بنانے اور ڈینگی مچھروں کی افزائش کو روکنا تھا۔ اس سلسلے میں مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ڈینگی پر مؤثر کنٹرول کیلئے سرکاری عمارتوں، تجارتی اداروں اور گھروں کے اندر اور مکانات کی چھتوں پر صفائی کا عمل جاری رکھنا ضروری ہے۔ یہ بات انہوں نے یوم صفائی کے موقع پر ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کے دفاتر میں ڈینگی ہاٹ سپاٹس ختم کرنے کے سلسلہ میں جاری صفائی مہم کے معائنہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ خواجہ سلمان رفیق نے ڈی جی ہیلتھ آفس کی عمارت کی چھت پر جاکر صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ و جنرل ہسپتال انتظامیہ میں یوم انسداد ڈینگی کے سلسلے میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودکی سربراہی میں ایم ایس کیپٹن (ر) ڈاکٹر نیاز احمد، انتظامی ڈاکٹروں اور نرسنگ انتظامیہ نے اپنی نگرانی میں مختلف شعبوں کی صفائی کرائی اور ڈینگی سے بچاؤ کا سپرے کروایا۔ علاوہ ازیں لاہور آرٹس کونسل (الحمرا) میں ڈینگی ڈے منایا گیا۔ چیئرمین الحمرء عطاء الحق قاسمی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل کیپٹن (ر) عطاء محمد خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر (ایڈمن) آفتاب احمد انصاری نے صفائی و ستھرائی کے مربوط انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے تمام دفاتر کا دورہ کیا اور الحمراء میں ہونے والے ہفتہ وار پروگرامز میں شرکت کرنیوالے بچوں اور انکے والدین کو ڈینگی آگہی سے متعلق لیکچر دیا اور ان میں پمفلٹ تقسیم کئے۔ علاوہ ازیں تمام ہالز، لان، ادبی بیٹھک میں ڈینگی کے خاتمہ کیلئے سپرے بھی کیا گیا۔ علاوہ ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید مبشر رضا نے آگہی واک کی قیادت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری سوشل ویلفیئر، سول سیکرٹریٹ کے افسروں اور ملازمین نے کثیر تعداد میں واک میں شرکت کی۔ سول سیکرٹریٹ سے شروع ہونے والی واک مال روڈ، ٹاؤن ہال سے گذر کر سول سیکرٹریٹ میں اختتام پذیر ہوئی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید مبشر رضا نے سول سیکرٹریٹ میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے صفائی کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ علاوہ ازیں کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل کی سربراہی میں واسا ہیڈ آفس میں ڈینگی مکائو مہم کے سلسلہ میں واک کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈی سی و لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان، ڈی جی ماحولیا ت ڈاکٹر جاوید اقبال، وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز احمد اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا چودھری نصیر احمد نے شرکت کی۔ شرکاء نے واسا لاہور کے تمام ٹائونوں کے دفاتر میں ڈینگی سے بچائو اور اسکے لاروا کو تلف کرنے کے حوالے سے دورہ کیا اور عملہ کو ہدایت کی کہ واسا کے تمام دفاتر کے صحن، چھتوں اور دیگر جگہوں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے جامع انتظامات کئے جائیں۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا نے بتایا کہ واسا ڈینگی مکائو مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈی سی او لاہور نے کہا کہ ڈینگی مکائو مہم کے سلسلے میں ہر سطح پر کام کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین واسا اور ایم ڈی واسا نے بھی عوام سے اپیل کی کہ ڈینگی سے بچائو کے لئے تھوڑی سی احتیاط بڑے نقصان سے بچا سکتی ہے۔ علاوہ ازیں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیوایم سی) کے زیرِاہتمام برکت مارکیٹ میں ڈینگی و صفائی مہم کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت خواجہ احمد حسان نے کی۔ ترک کمپنی اوزپاک کی انتظامیہ بھی اپنے افسران اور عملے کے ہمراہ مہم میں شامل ہوئے۔ علاوہ ازیں خواجہ احمد حسان کی قیادت میں برکت مارکیٹ کے ایف سٹاپ سے کلمہ چوک تک آگاہی واک نکالی گئی اور ڈینگی سے تحفظ کیلئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر مشیر وزیراعلیٰ پنجاب خواجہ احمد حسان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ڈینگی کے مکمل خاتمے کیلئے بے حد سنجیدہ ہے اور ڈینگی لاروا کی افزائش کو روکنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ ایڈمنسٹرٹر داتاگنج بخش ٹائون عاصم سلیم کی ہدایت پر ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن داتا گنج بخش ٹائون میں ڈینگی ڈے منایا گیا۔ داتا گنج بخش کے دفتر میں اور اس کی حدود میں تمام یونین کونسلوںکے دفتر میں صفائی کی گئی۔ علاوہ ازیں محکمہ جنگلات، ماہی پروری و جنگلی حیات، محکمہ زکوٰۃ و عشر، لاہور آرٹس کونسل اور سمن آباد ٹائون میں انسداد ڈینگی ڈے منایاگیا اور دفاتر میں خصوصی صفائی کا اہتمام کیا گیا اور تمام دفاتر کھلے رہے۔ محکمہ جنگلات کے دفاتر میں اینٹی ڈینگی سپرے کیا گیا اور چیف کنزرویٹر فاریسٹ رانا شبیر احمد کی قیادت میں ڈینگی بارے آگہی واک کی گئی۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر آفس ، ڈویژنل اور ضلعی دفاتر میں تقاریب اور واکس کا بھی انعقاد کیاگیا اور لوگوں میں ڈینگی آگہی بارے پمفلٹس تقسیم کئے گئے۔ لاہور آرٹس کونسل(الحمرا) میں ڈینگی ڈے کے موقع پر چیئرمین الحمراء عطاء الحق قاسمی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹن (ر) عطاء محمد خان اور دیگر انتظامی افسران نے دفاتر میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں سپورٹس بورڈ پنجاب میں یوم صفائی منایا گیا۔ اس موقع پر دفاتر کھلے رہے، تمام ملازمین دفاتر میں حاضر رہے، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں نیشنل ہاکی سٹیڈیم، پنجاب سٹیڈیم اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے دفاتر اور گردونواح کی مکمل صفائی کی گئی اورڈینگی سے بچائو کیلئے سپرے بھی کیا گیا۔ مزید براں ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام پروگرام ڈائریکٹر احسان بھٹہ کی قیادت میں انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈی ایس ڈی کے تمام سٹاف نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے بینرز اٹھا رکھے تھے جس میں انسداد ڈینگی مہم میں حکومت کا ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن میں یوم انسداد ڈینگی کے موقع پر لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے دفاتر کھلے رہے اور سٹاف دفاتر میں موجود رہا۔ دفاتر میں خصوصی بینرز بھی آویزاں کئے گئے اور اس موذی مرض کے بارے میں معلوماتی لٹریچر سٹاف میں تقسیم کیا گیا۔ یوم انسداد ڈینگی کے حوالے سے دفاتر میں صٖفائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انیلہ سلمان نے دفتر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور صٖفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے صوبہ بھر میں اپنے اداروں میں ڈینگی کے خاتمے کیلئے خصوصی اقدامات کرلئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ڈینگی ڈے کے موقع پر ٹیوٹا افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مزید براں پنجاب یونیورسٹی کے زیراہتمام گزشتہ روز مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا اور ڈینگی مچھر اور بخار کے خلاف مہم چلائی گئی قائمقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تقی زاہد بٹ، پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی اور دیگر نے ڈینگی مخالف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ یونیورسٹی کے مختلف حصوں میں ٹیموں نے اینٹی ڈینگی سپرے کیا۔ ادھر پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ کا ہیڈآفس اور تمام 151 برانچیں کھلی رہیں اور تمام شاخوں میں صفائی کی گئی۔ علاوہ ازیں علاوہ ازیں پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) نے انسداد ڈینگی ڈے کے موقع پر پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں حفاظتی و آگہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا۔ اس سلسلے میں ریسکیو1122 کے تمام دفاتر اتوار کے روز بھی کھلے رہے اور اینٹی ڈینگی ڈے کے حوالے سے پنجاب کے تمام ریسکیو سٹیشنز پر علیحدہ علیحدہ واک کا اہتمام کیا گیا اور ریسکیورزنے اپنے اپنے قریبی علاقوں میں آگاہی واک کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے دکانوں اور رہائشی علاقوںمیں جا کر ڈینگی مچھر کی افزائش کی جگہوں کی نشاندہی بھی کی اور دکانداروں اور رہائشیوں کہ اس حوالے سے آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کئے۔ ڈائریکٹر (ایڈمن) پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) بریگیڈئر (ر) ڈاکٹر ارشد ضیاء نے ریسکیو 1122 ہیڈکواٹر میں منعقدہ میٹنگ میںڈینگی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ میٹنگ کے شرکاء میں ڈپٹی ڈائریکٹر (پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ) فہیم احمد قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر (ہیومن ریسورس) ڈاکٹر فواد شہزاد مرزا، ڈپٹی ڈائریکٹر (آپریشنز) ایاز اسلم اور دیگر اعلیٰ افسران نے ہیڈکواٹرز میں منعقدہ میٹنگ میں ڈینگی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ محکمہ تعلقات عامہ پنجاب میں بھی یوم صفائی منایاگیا۔ صفائی مہم کی نگرانی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ارشد سعید نے کی۔ ڈی جی پی آر اطہر علی خان نے ہدایت کی کہ محکمہ تعلقات عامہ کی چھتوں، گملوں، لانز اور دیگر جگہوں پر بارش کا پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق تحصیل فیروزوالا بھر کے تمام سرکاری دفاتر گزشتہ روز بھی کھلے رہے۔ سکولوں، ہسپتالوں اور سرکاری عمارتوں میں ڈینگی لاروا کیلئے چیکنگ کی گئی۔ ایم پی اے پیر محمد اشرف رسول اور اے سی فیروزوالا شکیل اسلم اور دیگر افسروں نے صفائی کے نظام کو چیک کیا۔ دفاتر کے عملے نے اپنے اپنے شعبہ کے کمروں کی صفائی کی۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی ڈے منایا گیا، سرکاری دفاتر میں صفائی کا اہتمام
Aug 03, 2015