پی ٹی آئی کو ڈی سیٹ کرنے سے سیاسی انتشار میں اضافہ ہو گا: امیر جماعت اسلامی

Aug 03, 2015

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے دیر میں نومنتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین کونسلرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے مسائل کی بڑی وجہ سٹیٹس کو ہے۔ کچھ قوتیں اپنے سٹیٹس کو کو برقرار کھنے کے لئے عوام کا استحصال کرر ہی ہیں۔ اقتدار پر قابض لوگ کسی صورت بھی عا م آدمی کو اس کے آئینی حقوق دینے کے لیے تیار نہیں۔ جماعت اسلامی ملک سے سٹیٹس کو کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہتی ہے ہم ملک میں ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں عام آدمی کو بھی وہی سہولتیں اور حقوق حاصل ہوں جو حکمرانوں کو حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے پاکستان کے آئین سے بے وفائی کی اور انگریزوں کی وفادار ی کر کے ریاستی اداروں پر قبضہ کیا۔ لوگ ریاستی اداروں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں خاص طور پر واپڈا اور نادرا کی ناقص کارکردگی لوگوں کے لئے پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کو جوڈیشل کمشن کا فیصلہ تسلیم کرنا چاہئے۔ پی ٹی آئی کو ڈی سیٹ کرنے سے سیاسی انتشار میں اضافہ ہو گا۔ جوڈیشل کمیشن نے 2013 ء کے انتخابات میں جن بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ان کا خاتمہ ضروری ہے اور جو لوگ ان بے ضابطگیوں کے مرتکب تھے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے۔

مزیدخبریں