راہداری منصوبہ پاکستان کی معیشت کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا: چینی وزیراعلیٰ

Aug 03, 2015

لاہور (خبر نگار) پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں امن کے قیام اور پاکستان کی معیشت کے فروغ کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ چینی صوبے جن لن اور صوبہ پنجاب کے درمیان قدروں میں بے حد مماثلت ہے، باہمی تعاون اور بھائی چارے کے اس لازوال رشتے کو مزید تقویت دیں گے۔ یہ بات لاہور کے دو روزہ دورے پر آنے والے چین کے صوبے جن لن کے وزیراعلیٰ بے یان کولو نے صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور سے لاہور ایئر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کی۔ راجہ اشفاق سرور نے وزیراعلی پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے چین کے وزیراعلیٰ اور ان کے وفد کا استقبال کیا ۔ انہوں نے کہاکہ چین اور پاکستان کے درمیان تاریخی اور لازوال دوستانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان میں میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل خصوصاً توانائی بحران کے خاتمے کے لئے چین کا تعاون قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کے لوگوں کی تقدیر بدل دے گا اور دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی و سٹرٹیجک تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہوںگے۔ مشیر وزیراعلیٰ پنجاب و چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ اتھارٹی خواجہ احمد حسان نے چینی وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا چین صوبہ پنجاب کے ٹرانسپورٹ سیکٹر کی بہتری کے لئے بھر پور تعاون فراہم کر رہا ہے۔ اس موقع پر چینی قونصلر جنرل یوبورن، کمشنر، ڈی سی او اور دیگر بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں