پاکستان ایٹمی قوت ہے‘ بھارتی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں: برجیس طاہر

Aug 03, 2015

سانگلہ ہل (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر امور کشمیر و گورنر گلگت بلتستان چودھری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کھلونا نہیں جب چاہے بھارت اسے ٹھوکر مار دے۔ بھارتی وزیراعظم کو چاہئے کہ وہ اربوں روپے کا اسلحہ خریدنے کی بجائے اپنے غریب عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے۔ بھارتی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ اب پاکستان بھی ایٹمی طاقت ہے۔ ایک طرف مودی روس میں مسائل حل کرنے کی بات کرتے ہیں دوسری طرف گورداسپور کی آڑ میں ہمیں بلیک میل کیا جارہا ہے۔ اب میڈیا کا دور ہے بھارت کی دوغلطی پالیسی اب نہیں چلے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے کیا۔ چودھری برجیس طاہر نے کہا پاکستان بین الاقوامی برادری سے ملکر مسائل حل کرنا چاہتا ہے۔ گلگت و بلتستان میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ متاثرین سیلاب کی بحالی تک سکون سے نہیں بیٹھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز بارڈر پر بلااشتعال فائرنگ اور بھارتی الزامات کے خلاف سلامتی کونسل میں آواز بلند کریں گے۔

مزیدخبریں