احتساب کے مطالبے سے حکمرانوں، لوٹ مار کرنیوالوں پر کپکپی طاری ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ احتساب کے قومی مطالبے سے حکمرانوں اور اقتدار میں رہ کر لوٹ مار کرنے والوں پر کپکپی طاری ہے۔ ہماری کرپشن فری تحریک نے کراچی سے خیبر تک کے عوام کو کرپشن کے خلاف متحد کردیا اور اب ملک میں بچے بچے کی زبان پر ایک ہی نعرہ گونج رہا ہے کہ لٹیروں کا کڑا احتساب کرکے قومی خزانے سے لوٹی گئی پائی پائی وصول کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی صدارت میں منصورہ میں ہونیوالے کرپشن فری پاکستان تحریک کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران مخلص ہوتے تو اب تک لٹیروں کا احتساب شروع ہوچکا ہوتا، انہیں ڈر ہے کہ اگر احتساب شروع ہوا تو سب سے پہلے اس کی زد میں وہی لوگ آئیں گے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اب تک حکومت نے کمیشن قائم کیا اور نہ 1956کے قانون میں کوئی تبدیلی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک لٹ رہا ہو تو خاموش تماشائی بنے رہنے سے بڑی کوئی منافقت نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح دہشت گردی کو جنم دینے والی معاشی اور سیاسی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے کرپشن کے پروردہ لوگوں کے خلاف چوکوں اور چوراہوںاور ایوانوں میں لڑیں گے۔ کرپٹ مافیا جہاں بھی پناہ لینے اور جس بھی پارٹی کے جھنڈے تلے چھپنے کی کوشش کرے گااس کا پیچھا کریں گے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں سے ایک مرتبہ پھر اپیل کی کہ اپنی صفوں کو لٹیروں سے پاک کریں اور کسی کرپٹ کو اپنی جماعت میں گھسنے اور چھپنے کا موقع نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی بنکوں میں پڑا ملک کا 375ارب ڈالر سے زیادہ کا قومی سرمایہ قومی بنکوں میں واپس آجائے تو عوام کو تعلیم صحت ،روز گار اور چھت کی سہولتیں مہیا کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خوشیوں کے قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں، دریں اثنا امیر جماعت اسلامی کا ترکی کے صدر طیب اردگان کے نام تہنیتی پیغام لے کر جماعت اسلامی کے نمائندہ خصوصی عبدالغفار عزیز ترکی پہنچ گئے۔ سینیٹر سراج الحق نے ترکی میں فوجی بغاوت کی ناکامی اور ترک عوام کی طرف سے ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے قربانیوں کو زبر دست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے طیب اردگان کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں انہیں مبارکباد دی۔

ای پیپر دی نیشن