اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی شرعی عدالت میں عالم جج اور بلوچستان و پشاور ہائی کورٹس میں چھ ججز کی تقرریوں کے بارے میںجوڈیشل کمشن کی سفارشات کی منظوری کے لئے پارلیمانی ججز کمیٹی کا اجلاس آج (جمعرات کو) پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، حسب روایت عدالتی کمشن کی سفارشات کی توثیق کردی جائے گی۔ اجلاس سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفرالحق کی صدارت میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمشن کی ڈاکٹر فدا خان کو وفاقی شرعی عدالت میں بطور عالم جج مقرر کرنے کی سفارش پر غور کیا جائے گا اسی طرح بلوچستان ہائی کورٹ کے چار ایڈیشنل ججوں جسٹس سید انور آفتاب، جسٹس ظہیر الدین کاکڑ، جسٹس عبداللہ بلوچ اور جسٹس نذیر احمد لانوگ کو مستقل کرنے، پشاور ہائی کورٹ کے دو مستقل ججوں جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس ابراہیم خان کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کرنے کی سفارش کی گئی ہے، حسب روایت اعلٰی عدلیہ میں ججوں کی تقرری کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کی طرف سے عدالتی کمشن کی متذکرہ سفارشات کی توثیق کرتے ہوئے وزیراعظم کے توسط سے ایوان صدر بھیج دی جائیں گی تاکہ اعلامیہ جاری ہو سکے۔