اسلام آباد (اسپیشل رپورٹ) پاکستان میں 6 کروڑ دس لاکھ نوجوانوں کی عمر 10 برس سے چوبیس برس کے درمیان ہے۔ یہ اعداد و شمار پاکستان پاپولیشن کونسل نے جاری کئے ہیں۔ ان اعداد و شمار کا حوالہ برطانیہ کے ترقیاتی ادارہ ڈی ایف آئی ڈی کی طرف سے جاری کی گئی۔ پاکستان میں تعلیم کی صورتحال کے بارے میں رپورٹ میں دیا گیا ہے۔ برطانوی ترقیاتی ادارہ کی طرف سے گزشتہ روز تعلیمی رپورٹ کے اجراءکے موقع پر جوانا ریڈ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم دینے اور ہنرمند بنانے سے ہی پاکستان خوشحال ہو سکتا ہے اور عالمی سطح پر معاشی دنیا میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ برطانوی ترقیاتی ادارہ کی سربراہ جوانا ریڈ نے کہا کہ حکومت پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ سکولوں سے باہر رہ جانے والے بچوں کی تعداد دو کروڑ 50 لاکھ سے کم ہو کر دو کروڑ تیس لاکھ ہو گئی ہے۔ یہ ایک اہم پیش رفت ہے لیکن اس شعبہ میں مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت پاکستان نے تعلیم کا بجٹ مجموعی پیداوار کے 3.02 فیصد تک کر دیا ہے جو پہلے 2.83 فیصد تھا۔ پاکستان میں معاشی خوشحالی اور ترقی کا انحصار تعلیم اور ہنر کو عام کرنے میں ہے۔ ڈی ایف آئی ڈی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب بھی چھ سے 16 کی عمر کے 19 فیصد بچے سکول نہیں جا رہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری سکولوں کے مقابلے میں نجی شعبہ کے سکولوں کے بچوں کی کارکردگی کہیں بہتر ہے۔
6 کروڑ پاکستانی نوجوانوں کی عمریں 10 سے 24 سال کے درمیان ہیں
Aug 03, 2017