اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط تعیناتی کی مدت مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔ ترکی میں پاکستان کے سفیر سہیل محمود، ان کی جگہ اسی ماہ نئی دہلی میں ہائی کمشنر کا عہدہ سنبھالیں گے۔ عبدالباسط تین برس تک بھارت میں پاکستان میں ہائی کمشنر رہے اور نہائت جرا¿ت سے سفارتی ذمہ داریاں سر انجام دیں۔ انہوں نے سفارتکاروں کی روایتی ہچکچاہٹ کو پس پشت ڈالتے ہوئے بھارتی میڈیا پر ہمیشہ کھل کر پاکستان کا مو¿قف بیان کیا انہیں اپریل 2018ءمیں ریٹائر ہونا تھا، تاہم انہوں نے قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ آن لائن کے مطابق عبدالباسط نے کہا ہے کہ حکومت سے پالیسی پر اختلافات کی وجہ سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لی۔ سیکرٹری خارجہ کی تعیناتی اور کچھ دیگر امور پر تحفظات تھے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عبدالباسط نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کا ذمہ دار ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کررہا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ کشمیر ہے، مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان بھارت تعلقات سازگار نہیں ہوسکتے۔
حکومت سے پالیسی اختلافات کی وجہ سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لی: عبدالباسط
Aug 03, 2017